حکومتی فیصلوں سے عوام مسلم لیگ (ن) سے مایوس ہوسکتے ہیں،احسن اقبال

ویب ڈیسک  جمعرات 27 جون 2013
ترقی کے اس سفر کے آغاز کے لئے سخت فیصلے ضروری ہیں، احسن اقبال۔  فوٹو: فائل

ترقی کے اس سفر کے آغاز کے لئے سخت فیصلے ضروری ہیں، احسن اقبال۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد: وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات احسن اقبال کا کہنا ہے کہ ملکی سلامتی کے لئے اقتصادی ترقی ضروری ہے اور اس کے لئے حکومت کو دو سال تک سخت فیصلے کرنا پڑیں گے ہوسکتا ہے اس سے عوام کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑے۔

اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ حکومت نے پاکستان کو تباہی سے بچا کر ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کا عزم کررکھا ہے جس کے لئے پہلے 2سال سخت فیصلے کرنا پڑیں گے اور اس کے ثمرات عوام آئندہ 3سال حاصل کریں گے۔ انہوں  نے کہا کہ پاکستان ان تمام وسائل کی دولت سے مالا مال ہے جوکسی بھی ملک کی ترقی کے لئے درکار ہوتے ہیں لیکن ترقی کے اس سفر کے آغاز کے لئے سخت فیصلے ضروری ہیں۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 50 فیصد  اضافہ کرسکتی تھی مگر اس کے نتائج ٹھیک نہیں ہوتے کیونکہ اس طرح کے فیصلوں سے مہنگائی میں اضافہ ہوتا ہے،اقتصادی بحالی کے لئے ملکی وسائل کو بڑھانا ہوگا اور اخراجات میں  کمی کرنا ہوگی اور اگر ایسا نہ کیا گیا تو حکومت کشکول کے لئے عالمی مالیاتی اداروں سے قرض لینے پر مجبور ہوگی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔