کراچی کے علاقے کورنگی میں دستی بم حملہ، 3 بچوں سمیت 6 افراد زخمی

ویب ڈیسک  جمعرات 27 جون 2013
2 نامعلوم موٹرسائیکل سوار ملزمان نے اسنوکر کلب پر دستی بم پھینکا فوٹو: فائل

2 نامعلوم موٹرسائیکل سوار ملزمان نے اسنوکر کلب پر دستی بم پھینکا فوٹو: فائل

کراچی: کورنگی کے علاقے بلال کالونی میں دستی بم حملے کے نتیجے میں 3 بچوں سمیت 6 افراد زخمی ہوگئے تاہم اس دوران شہریوں نے ایک مبینہ ملزم کو پکڑلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق 2 نامعلوم موٹرسائیکل سوار ملزمان نے اسنوکر کلب پر دستی بم پھینکا جس کے نتیجے میں 3 بچوں سمیت 6 افراد زخمی ہوگئے، دھماکے کے بعد علاقہ مکینوں نے ایک مبینہ ملزم کو پکڑ کر شدید تشدد کا نشانہ بنایا، پولیس اور رینجرز نے مزاحمت کرکے مبینہ ملزم کو شہریوں کے نرغے سے چھڑا کر اپنی تحویل میں لے لیا تاہم اس دوران ملزم شہریوں کے تشدد سے نیم مردہ حالت میں پہنچ چکا تھا۔

ڈی ایس پی قاسم غوری کے مطابق شہریوں کے تشدد سے ملزم کی حالت کافی حد تک تشویشناک ہوگئی ہے جسے علاج کے لئے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملزم کی حالت بہتر ہونے پر اس سے تفتیش کی جائے جس کے بعد واردات میں ملوث دیگر ملزمان کو بھی جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔