سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی بھانجی کے تشدد سے 10 سالہ ملازم جاں بحق

ویب ڈیسک  جمعرات 27 جون 2013
مقتول ملازم کے بھائی جاوید نے بتایا کہ اس کے بھائی کی لاش ایک دن تک وہیں پڑی رہی اور چیونٹیاں اس پر چڑھتی رہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

مقتول ملازم کے بھائی جاوید نے بتایا کہ اس کے بھائی کی لاش ایک دن تک وہیں پڑی رہی اور چیونٹیاں اس پر چڑھتی رہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

ملتان: سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی بھانجی حنا گیلانی نے گلاس توڑنے پر تشدد کر کے دس سالہ ملازم کو موت کی وادی میں دھکیل دیا۔ 

سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی بھانجی حنا گیلانی نے 6 جون کو ایک گلاس توڑنے کی پاداش میں اپنے 10 سالہ ملازم جمیل کے سر پر جگ دے مارا اور وہ معصوم موت کے منہ میں چلا گیا، مقتول کے بھائی جاوید کا کہنا ہے کہ اس کے بھائی کے سر پر بی بی نے جگ دے مارا اور وہ نیچے گر گیا، اس کی لاش ایک دن تک وہیں پڑی رہی اور چیونٹیاں اس پر چڑھتی رہیں۔

حنا گیلانی اور اس کے شوہر فہیم بخاری نے عبدالحمید کو گھر بلا کر بتایا کہ جمیل کی نمونیہ سے موت ہو گئی ہے اور اسے لاش دے کر واپس بھجوا دیا، جمیل کی لاش پر تشدد کے نشانات دیکھنے پربچے کے والد عبدالحمید نےوزیراعلیٰ پنجاب کو ایک درخواست ارسال کی جس میں کہا گیا کہ کریم بخش نامی شخص زبردستی اس کے دو بیٹوں 10 سالہ جمیل اور 7 سالہ جاوید کو ساتھ لے گیا اور ملتان میں سابق وزیراعظم  یوسف رضا گیلانی کے بھانجے زوہیب گیلانی کے گھر ملازم رکھوا دیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر پولیس تھانہ شاہ رکن عالم نےحنا گیلانی، فہیم بخاری اور منشی کریم بخش کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر لیا جب کہ زوہیب گیلانی کے گھر چھاپہ مار کر نامزد ملزم کریم بخش سمیت 4 ملازمین کو گرفتار کر لیا گیا ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔