نوجوان فنکار اردو زبان کو تباہ کررہے ہیں،انورمقصود

عمیر علی انجم  جمعـء 28 جون 2013
 فوٹو : فائل

فوٹو : فائل

کراچی: معروف ڈرامہ نگاراور شاعر انور مقصود نے کہا ہے کہ اردو زبان کو نوجوان فنکار تباہ کررہے ہیں۔

ہمارے ڈراموں میں جو زبان ادا کی جا رہی ہے وہ سراسر غلط ہے، ڈرامہ ڈائریکٹرز کو اس مسئلے پرتوجہ دینا ہوگی، ان خیالات کا اظہار انھوں نے نمائندہ ایکسپریس سے بات چیت کے دوران کیا، ان کا کہنا تھا کہ بڑی زبانیں آسانی سے تباہ نہیں ہوتیں مگر ان کا نقشہ بدل جاتا ہے، کسی بھی ملک کی زبان اورکلچرکے فروغ کے لیے مقامی حکومت اپنا کردار ادا کرتی ہے۔

باقاعدہ ان کی درستگی کے لیے اکیڈمیز کا قیام عمل میں لایا جاتا ہے مگر پاکستان میں سرکار نے عوام کو2 مقدموں میں الجھایا ہوا ہے جس میں ایک مشرف کیس اور دوسرا سوئس اکائونٹ کا مقدمہ ہے، اس کی آڑ میں سرکار اپنا کام کر رہی ہے۔

اس صورت حال میں عوام نومنتخب نمائندوں سے یہ بھی پوچھنے کی مجاذ نہیں کہ تعلیم، صحت اور روزگارکے وعدے کیا ہوئے، نومنتخب حکومت پچھلی گورنمنٹ کے حوالے سے بات کررہی ہے، کوئی ان سے یہ پوچھنے والا نہیں کہ تم اپنی بھی تو بتائوکہ تمھارے پرانے کیسزکہاں گئے،اگر قومی زبان کوبچانا ہے توایک قوم بننا ہوگا، کسی بھی ملک اورقوم کی شناخت اس کی زبان اورکلچر ہوتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔