اسٹاک بروکرز کیلیے آن لائن فنانشل رپورٹنگ سسٹم متعارف

نمائندہ ایکسپریس  جمعـء 28 جون 2013
سسٹم ریگولیٹری اسٹرکچر مکمل آٹومیٹڈ کرنے کیلیے اصلاحات کا حصہ ہے، ایس ای سی پی۔  فوٹو: فائل

سسٹم ریگولیٹری اسٹرکچر مکمل آٹومیٹڈ کرنے کیلیے اصلاحات کا حصہ ہے، ایس ای سی پی۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد: سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی ) نے سٹاک مارکیٹ کے بروکرز کی سہولت کے لیے فنانشل رپورٹنگ کا آن لائن سسٹم متعارف کرا دیا ہے۔

گزشتہ روز جاری کردہ اعلامیے کے مطابق آن لائن فنانشل رپورٹنگ سسٹم بروکرزکو انٹرنیٹ کے ذریعے براہ راست سالانہ فنانشل رپورٹ ایس ای سی پی کو جمع کرانے کی سہولت فراہم کرتا ہے، آن لائن فنانشل رپورٹنگ سسٹم ایس ای سی پی کے ریگولیٹری اسٹرکچر کو مکمل طور پر آٹومیٹڈ کرنے کے لیے جاری اصلاحات کا تسلسل ہے آن لائن فنانشل رپورٹنگ سسٹم سے ایس ای سی پی کو بروکرز کی فنانشل رپوٹس تک بر وقت رسائی حاصل ہوگی اور بروکرز کی فنانشل رپوٹنگ کو بہتر طور پر مانیٹر کیا جا سکے گا، آن لائن فنانشل رپورٹنگ سسٹم پر بہتر طریقے سے عمل درآمد اور بروکرز میں آگہی پیدا کرنے کیلیے ایس ای سی پی نے تینوں اسٹاک ایکسچینجز میں ٹرینگ سیشن کا اہتمام کیا ہے۔

کراچی، لاہور اور اسلام آباد اسٹاک ایکسچینج میں منعقد ہونے والے تربیتی پروگراموں میں تمام بروکرز کو نئے متعارف کیے جانے والی آن لائن فنانشل رپورٹنگ سسٹم کے استعمال کے بارے میں آگہی دی گئی، مزید ازاں بروکرز کی سہولت کے لیے آن لائن فنانشل سسٹم کے حوالے سے ایس ای سی پی کی ویب سائٹ پر آن لائن سروس ڈیسک بھی متعارف کیا جا رہا ہے، بروکرز کی بہتر فنانشل مانیٹرنگ کے ذریعے ایس ای سی پی سرمایہ کاروں کے تحفظ کے لیے بہتر طور پر بروقت اقدامات کر سکے گا، پاکستان کی تینوں اسٹاک مارکیٹوں میں رجسٹر بروکرز کے لیے جولائی 2013 کے بعد سے آن لائن فنانشل رپورٹنگ سسٹم کے ذریعے فنانشل رپوٹنگ لازمی ہو گی، تمام بروکرز ہر سہ ماہی کے آغاز پر 15دن کے اندر اندر آن لائن فنانشل سسٹم کے ذریعے اپنی فنانشل رپورٹ جمع کرانے کے پابند ہوں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔