آسٹریلیا میں اردو زبان میں اسٹیج ڈرامہ پیش کرنے کی تیاری

شوبز رپورٹر  جمعـء 28 جون 2013
اپنے کلچر کو پروموٹ کرنے کے لیے ’پاکستان فیسٹیول‘ کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے، ظفر خان۔ فوٹو: فائل

اپنے کلچر کو پروموٹ کرنے کے لیے ’پاکستان فیسٹیول‘ کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے، ظفر خان۔ فوٹو: فائل

لاہور: آسٹریلیا میں کام کرنیوالی ثقافتی تنظیم ’ماہی آرٹ اینڈ کلچر‘ کے روح رواں ظفر خان نے آسٹریلیااورنیوزی لینڈ میں پاکستانی کلچر کو پروموٹ کرنے کے لیے ’’ پاکستان فیسٹیول‘‘ کے انعقاد کا اعلان کردیا ہے۔

گزشتہ دوبرس کے دوران وہ آسٹریلیا اورنیوزی لینڈمیں پہلی مرتبہ پنجابی ثقافت کے فروغ کے لیے کامیاب اسٹیج ڈرامے پیش کیے جاچکے ہیں جب کہ غزل گائیک غلام عباس بھی وہاں منعقدہ شام غزل میں حصہ لے چکے ہیں۔ اس مرتبہ ’ ماہی آرٹ اینڈ کلچر‘ کے پلیٹ فارم سے اردو زبان میں اسٹیج ڈرامہ پیش کرنے کی تیاری جاری ہے۔ورسٹائل اداکارہ عظمیٰ گیلانی بھی بھرپورمعاونت کررہی ہیں۔ قوی خان، بشریٰ انصاری، حنادلپذیراور انورمقصود سے معاملات طے کیے جارہے ہیں جس پرعیدالفطر کے بعد اسٹیج ڈراموں کاشیڈول ترتیب دے کرپروموشن کی جائے گی۔

ظفرخان نے فون پر ’’ایکسپریس‘‘ کو بتایا کہ آسٹریلیا میں ہندوستانی کمیونٹی اکثر اپنے فنکاروں کے ذریعے اپنے کلچر کو پروموٹ کرنے کے لیے پروگرام کرتی ہے جب کہ ہماری تنظیم پاکستانی کلچرکوپروموٹ کرنے کے لیے شب وروز کام کررہی ہے۔ ہم نے پہلے پنجاب کی ثقافت کوپروموٹ کرتے ہوئے پنجابی اسٹیج ڈرامے پیش کیے جن کو دیکھنے کے لیے پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ سکھ برادری بھی بڑی تعداد میں پہنچی۔

اس مرتبہ ہم نے اردواسٹیج ڈرامے کے ذریعے اپنی قومی زبان کے فروغ کے لیے یہاں ’پاکستان فیسٹیول‘ کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے جس میں ہمارے ساتھ ورسٹائل اداکارہ عظمیٰ گیلانی بھرپور تعاون کررہی ہیں۔ انھوں نے فیسٹیول میں جہاں اردو اسٹیج ڈرامہ پیش کیاجائے گا وہیں گلوکار ندیم عباس لونے والہ اور ملکو بھی اپنے فن کا مظاہرہ کرینگے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔