ٹاپ آرڈر پر ترقی ملتے ہی واٹسن کے بیٹ میں جان پڑگئی

اسپورٹس ڈیسک  جمعـء 28 جون 2013
ٹائونٹن: سمرسٹ سے ٹور میچ میں آسٹریلوی اوپنر واٹسن شاٹ کھیلنے کیلیے تیار، انھوں نے 90 رنز بنائے۔  فوٹو: گیٹی امیجز

ٹائونٹن: سمرسٹ سے ٹور میچ میں آسٹریلوی اوپنر واٹسن شاٹ کھیلنے کیلیے تیار، انھوں نے 90 رنز بنائے۔ فوٹو: گیٹی امیجز

ٹاؤنٹن: آسٹریلوی ٹاپ آرڈر پر ترقی ملتے ہی شین واٹسن کے بیٹ میں جان پڑگئی، سمرسٹ کے خلاف ٹور میچ میں 90 رنز جڑ دیے۔

چار روزہ میچ کے دوسرے دن آسٹریلیا نے 4 وکٹ پر 266 رنز بنالیے، عثمان خواجہ 27 رنز تک محدود رہے۔  تفصیلات کے مطابق دوسرے دن کی چھٹی گیند پر ہی اوپنر ایڈ کوان صرف3 رنز بناکر جمال حسین کی گیند پر وکٹ کیپر الیکس بارو کے ہاتھوں کیچ ہوگئے، شین واٹسن نے عثمان خواجہ کی رفاقت میں اسکور کو 78 تک پہنچایا مگر عثمان 27 رنز بناکر میشیڈے کا شکار بن گئے،کیچ ہیل ڈریتھ نے تھاما، واٹسن نے دوسرے اینڈ سے عمدہ پرفارمنس کا سلسلہ جاری رکھا مگر سنچری مکمل نہیں کرپائے، انھوں نے 94 بالز پر 20 چوکوں کی مدد سے 90 رنز بنائے۔

کپتان مائیکل کلارک جب 45 رنز بناکر میشیڈے کی دوسری وکٹ بنے تو اس وقت مجموعی اسکور 212 تھا، جب کھیل کا اختتام ہوا تو مہمان ٹیم 4 وکٹ پر 266 رنز بنا چکی تھی، اسے سمرسٹ کی پہلی اننگز کے اسکور320 کو برابر کرنے کیلیے مزید54 رنز درکار جبکہ6 وکٹیں باقی ہیں، فل ہیوز 44 اور بریڈ ہیڈن 38 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے، میشیڈے نے دو کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔

واضح رہے کہ آسٹریلیا کے نئے کوچ ڈیرن لی مین پہلے ہی ایشز میں شین واٹسن کو بطور اوپنر کھلانے کا اعلان کرچکے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔