مصر میں سیاسی محاذ آرائی سے جمہوریت کو شدید خطرہ ہے، صدر مرسی

اے ایف پی / خبر ایجنسیاں / نیٹ نیوز  جمعـء 28 جون 2013
مرسی کے حامیوں اور مخالفین کے درمیان جھڑپوں میں 2 افراد ہلاک، متعدد زخمی، 30جون کو حکومت مخالف مظاہروں کے پیش نظر قاہرہ میں صدارتی محل، مرکزی بینک اور تمام اہم تنصیبات کے اطراف فوج اور ٹینک تعینات کردیے گئے۔ فوٹو: فائل

مرسی کے حامیوں اور مخالفین کے درمیان جھڑپوں میں 2 افراد ہلاک، متعدد زخمی، 30جون کو حکومت مخالف مظاہروں کے پیش نظر قاہرہ میں صدارتی محل، مرکزی بینک اور تمام اہم تنصیبات کے اطراف فوج اور ٹینک تعینات کردیے گئے۔ فوٹو: فائل

قاہرہ: مصر کے صدر محمد مرسی نے خبردار کیا ہے کہ ملک میں جاری کشیدگی جمہوریت کے لیے خطرہ ثابت ہو سکتی ہے۔

صدر محمد مرسی نے اقتدار میں اپنا پہلا سال مکمل ہونے کے موقع پر ٹیلی وژن پر نشر کیے گئے خطاب میں اعتراف کیا کہ ان سے کچھ غلطیاں ہوئی ہیں اور انھوں نے اپنے مخالفین کو نئے آئین میں ترامیم کے حوالے سے مشاورت کی دعوت دی۔ صدر مرسی نے ریاستی اداروں میں فوری اور انقلابی اصلاحات کی یقین دہانی بھی کروائی۔ حکومت مخالف مظاہرین جو تحریر اسکوائر میں جمع ہو رہے ہیں اتوار کے روز ایک بڑی ریلی کا ارادہ رکھتے ہیں۔ ان مظاہروں کے پیشِ نظر کئی شہروں میں فوج تعینات کر دی گئی ہے۔ صدر مرسی نے حزبِ مخالف کی شخصیات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ حکومت بدلنا چاہتے ہیں تو انتخابات میں حصہ لیں۔

صدر مرسی کے خطاب سے قبل شمالی شہر منصورہ میں حکومت کے حامیوں اور مخالفین کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔ وزارتِ صحت کے ترجمان کے مطابق ان جھڑپوں میں 2 افراد ہلاک اور 170زخمی ہوئے ہیں۔ اخوان المسلمون کے رکن محمد مرسی30 جون 2012ء کو ملک میں شفاف مانے جانے والے انتخاب کے بعد صدر بنے۔ دو گھنٹے تک جاری رہنے والے اس خطاب میں صدر مرسی نے اپنی کارکردگی کا دفاع کیا، غلطیوں کا اعتراف کیا اور اْن کی اصلاح کے لیے فوری اقدامات کا وعدہ کیا۔

’میں کچھ معاملات میں درست تھا اور کچھ میں غلط، انھوں نے پٹرول اسٹیشنوں پر لمبی قطاروں کا باعث بننے والی ایندھن کی کمی کے لیے معذرت کی۔ انھوں نے خبردار کیا کہ سیاسی تقسیم اور محاذ آرائی اْس حد پر پہنچ گئی ہے کہ اس سے ہماری نو خیز جمہوریت کو خطرہ لاحق ہے۔ مصر کے دشمنوں نے ہمارے اس جمہوری عمل کو سبوتاڑ کرنے کی ہر ممکن کوشش کی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔