نواز شریف کی صدر زرداری سے ملاقات ملکی صورتحال پر غور

آن لائن / اے پی پی  جمعـء 28 جون 2013
ایوان صدر میں دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں وفاقی کابینہ میں توسیع، امن و امان اور سیاسی واقتصادی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا. فوٹو : ایکسپریس

ایوان صدر میں دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں وفاقی کابینہ میں توسیع، امن و امان اور سیاسی واقتصادی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا. فوٹو : ایکسپریس

اسلام آباد: وزیراعظم نوازشریف نے گزشتہ روز ایوان صدر میں صدر آصف زرداری سے ملاقات کی ہے جس میں ملک کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں رہنمائوں نے وفاقی کابینہ میں ممکنہ توسیع، سیاسی، اقتصادی اور امن و امان کی صورتحال کے علاوہ سمیت کئی اہم قومی امور پر بھی بات چیت کی۔ دریں اثنا وزیراعظم آفس میں گیس کی قلت پر غور کیلئے اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب میں نواز شریف نے ملک میں گیس کی قلت پر قابو پانے کیلیے تمام وسائل استعمال کرنے اور تمام ذرائع تلاش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں پڑوسی ممالک سے گیس درآمد کرنے کے مختلف آپشنز کا جائزہ لیا جائے۔

وزیراعظم کو بتایا گیا کہ ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبے اور تاپی گیس منصوبے پر کام جاری ہے۔ بھارت پاکستان کو ایل این جی برآمد کرنے میں دلچسپی رکھتا ہے۔ وزیراعظم نے وزارت پٹرولیم کو واضح ہدایات دیں کہ گیس کی تقسیم کے فارمولے میں گھریلو صارفین کو ترجیح دی جائے تاکہ ان کی روزمرہ کی زندگی متاثر نہ ہو۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ گیس کی طلب و رسد کے درمیان فرق دور کرنے کیلیے گیس کی لوڈ شیڈنگ کی گئی۔ وزیراعظم نے عام آدمی کے مفادات کے تحفظ کے لیے گیس کے ٹیرف معقول بنانے کی بھی ہدایت کی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔