قتل کی دھمکیاں مل رہی ہیں، بھارتی ماڈل لیناکا دعویٰ

اسپورٹس ڈیسک  اتوار 19 اگست 2012
 اسد رئوف کیخلاف کیس واپس لینے کیلیے ممبئی اور دہلی سے کالیں موصول ہونے لگیں (فوٹو : فائل)

اسد رئوف کیخلاف کیس واپس لینے کیلیے ممبئی اور دہلی سے کالیں موصول ہونے لگیں (فوٹو : فائل)

ممبئی: پاکستانی امپائر اسد رئوف پر جنسی استحصال کا الزام عائد کرنے والی بھارتی ماڈل لینا کپور نے دعویٰ کیاکہ انھیں جان سے مارنے کی دھمکیاں مل رہی ہیں، ان کا کہنا ہے کہ مجھے اسد رئوف کے خلاف کیس واپس لینے کیلیے ممبئی اور دہلی سے کالیں موصول ہورہی ہیں، پولیس کو دھمکیوں کے بارے میں آگاہ کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کچھ روز قبل امپائر اسد رئوف کے خلاف جنسی استحصال کا الزام عائد کرنے والی بھارتی ماڈل لینا کپور نے اب اپنی جان خطرے میں ہونے کا دعویٰ کردیا ہے۔ انھوں نے ایک بھارتی اخبار سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مجھے اب تک ممبئی اور نئی دہلی کے مختلف نمبروں سے12 فون کالز موصول ہوچکیں، ان میں نامعلوم شخص نے دھمکیاں دیں کہ اگر اسد رئوف کے خلاف جنسی استحصال کے کیس سے دستبردار نہیں ہوئی تو مجھے قتل کردیا جائے گا میں نے پولیس کو بھی آگاہ کردیاکہ میری جان خطرے میں ہے تاہم ان کا کہنا ہے کہ ایسا کچھ نہیں ہوگا۔

یاد رہے کہ لینا کپور نے دعویٰ کیا تھا کہ اسد رئوف نے ان سے شادی کا وعدہ کرکے جنسی استحصال کیا مگر اب وہ اس کو پہچاننے تک سے انکار کررہے ہیں، دوسری جانب اسدرئوف نے اس الزام کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ اگر لینا کے پاس اپنے دعوے کے حق میں ٹھوس شواہد موجود ہیں تو میں بھارت آکر ان کا سامنا کرنے کو تیار ہوں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔