واٹربورڈ میں اوپی ایس پر تعینات افسران کی فہرست طلب

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 29 جون 2013
واٹربورڈ کے بعض افسران نے چیف سیکریٹری کو افسران کی سنیارٹی لسٹ بھی دیدی  فوٹو: فائل

واٹربورڈ کے بعض افسران نے چیف سیکریٹری کو افسران کی سنیارٹی لسٹ بھی دیدی فوٹو: فائل

کراچی:  چیف سیکریٹری سندھ نے سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد کے لیے واٹربورڈ میں اوپی ایس پر تعینات افسران کی فہرست طلب کرلی ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ واٹربورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر اور ڈی ایم ڈی پلاننگ مشکور الحسنین ، چیف انجینئر آئی پی ڈی عبدالرحیم کٹھی سمیت دیگر کئی افسران اوپی ایس پر تعینات ہیں اگر چیف سیکریٹری سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد کرانے میں کامیاب ہوگئے تو واٹربورڈ میں بڑے پیمانے پر افسران کے تبادلے ہوجائیں گے۔

ذرائع نے بتایا کہ واٹربورڈ کے ایم ڈی مصباح الدین فرید گریڈ 19کے جونیئر افسران میں شمار ہوتے ہیں، سنیئر افسران کی موجودگی میں ان کو منیجنگ ڈائریکٹرتعینات کیا گیا ہے، ذرائع نے بتایا کہ اس حوالے سے واٹربورڈ کے ہی بعض افسران نے چیف سیکریٹری کو افسران کی سنیارٹی لسٹ فراہم کردی ہے۔

جبکہ افسران یہ فہرست سپریم کورٹ میں بھی جمع کرانے کیلیے اپنے قانونی ماہرین سے مشورہ کررہے ہیں، واضح رہے کہ چیف سیکریٹری سندھ محکمہ تعلیم اور پولیس سمیت دیگر محکموں سے اوپی ایس پر تعینات افسران کو فارغ کرانے میں کامیاب ہوگئے ہیں اب دیکھنا یہ ہے کہ وہ واٹربورڈ میں کامیاب ہوتے ہیں یا پھر یہ معاملہ سردخانے کی نذر کردیتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔