کینسر کی تشخیص میں تاخیر سے اموات میں اضافہ ہو گیا

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 29 جون 2013
کینسرکامرض قابل علاج ہے ، مرض کی تشخیص فوری ہونے کی صورت میں اموات کی شرح کوکم کیاجاسکتا ہے. فوٹو: فائل

کینسرکامرض قابل علاج ہے ، مرض کی تشخیص فوری ہونے کی صورت میں اموات کی شرح کوکم کیاجاسکتا ہے. فوٹو: فائل

کراچی:  دنیابھر میں کینسراموات کی دوسری جبکہ جنوبی ایشیا میں پہلی وجہ بن گئی ہے۔

ماہرین کے مطابق پاکستان میں کینسرسے ہونے والی اموات کی شرح تشویشناک صورت اختیارکرتی جارہی ہیں کیونکہ پاکستان میں کینسرکے امراض کی تشخیص تاخیرسے ہورہی ہے جس کی وجہ سے اموات کی شرح میں ہولناک اضافہ ہورہا ہے ،پاکستان میں ہرقسم کے کینسرکی تشخیص کیلیے سہولتیں دستیاب ہیں،جسم میں قبل ازوقت کینسر کی تشخیص کیلیے پیڈ سی ٹی مشین کی سہولتیں میسرہیں، یہ بات جناح اسپتال کے نیوروسرجن پروفیسر عبدالستار ہاشم نے جمعہ کواس مشین کے ذریعے کینسرکے امراض کی تشخیص کاعملی مظاہرہ کرتے وقت بتائی۔

انھوں نے صحافیوں کوبتایاکہ پیڈ سٹی اسکین مشین کے ذریعے جسم کے کسی بھی حصے میں موجودکینسرکے مرض کی تشخیص کی جاسکتی ہے انھوں نے کہاکہ کینسرکامرض قابل علاج ہے تاہم اس مرض کی تشخیص فوری ہونے کی صورت میں اموات کی شرح کوکم کیاجاسکتا ہے ، پروفیسرستار ہاشم نے صحافیوں کوبتایاکہ عام سٹی اسکین میں بعض کینسریا ٹیومرکی تشخیص کرنے میں مشکلات کا سامناکرنا پڑتا ہے لیکن نئی جدید ترین مشین پیڈ سٹی اسکین کی مدد سے کلر(کنٹراس امیجنگ ) تصاویروں کے ذریعے کسی بھی قسم کے کینسرکی تشخیص فوری کی جاسکتی ہے،کینسر اس وقت لاعلاج مرض بن جاتا ہے جب اس موذی مرض کی تشخیص نہ ہوسکے انھوں نے کہاکہ خواتین میں بریسٹ کینسر سمیت امراض نسواں میں مختلف اقسام کے کینسر کی وجہ سے اموات میں اضافہ ہورہا ہے۔

تاہم پیڈ سٹی اسکین مشین کے ذریعے پیچیدہ کینسراوران کے روٹس کا پتا چلایاجاسکتا ہے یہ مشین دنیا کے بیشتر ممالک میں کامیابی سے کام کررہی ہے جس کی وجہ سے اموات کی شرح کم ہورہی ہین تاہم پاکستان اور جنوبی ایشیا میں کیسنر کے امراض کی تاخیر سے تشخیص ہونے کی وجہ سے اموات کی شرح میں اضافہ ہورہاہے ، انھوں نے بتایا کہ یہ مشین نیورواسپائنل اینڈ میڈیکل انسٹیٹیوٹ میں نصب کردی گئی ہے جس کے کامیابی کے نتائج کی شرح غیر معمولی ہے انھوں نے بتایا کہ اس مشین کے ذریعہ کینسر کی ابتدائی علامات بھی ظاہر ہوجاتی ہیں جبکہ جسم میں غیر معمولی تبدیلیوں یا رونما ہونے والی تبدیلیوں کا بھی معلوم چلایاجاسکتا ہے ، پروفیسرستار ہاشم کا کہنا ہے کہ اس مشین کے ذریعے امراض قلب میں مبتلا مریض کے دل کے پٹھوں کی درست حالت کا بھی قبل ازوقت پتاچلایاجاسکتا ہے۔

جبکہ بائی پاس سے قبل بھی اس مشین کے ذریعے دل کی اصل حالت بھی معلوم کی جا سکتی ہے، انھوں نے کہاکہ اس مشین سے مرگی، اوردماغی امراض (الزائمر) یادداشت کی بیماری کابھی پتاچلایاجاسکتا ہے جبکہ کینسر کے مریضوں کی کی جانے والی ریڈی ایشن اورکیموتھراپی کے نتائج بھی معلوم کیے جا سکتے ہیں ، پروفیسرستار ہاشم نے بتایا کہ این ایم آئی اسپتال میں غریب مریضوں کے علاج کیلیے ہاشم میموریل ٹرسٹ بھی قائم کردیا گیا ہے جس سے غریب مریضوں کوعلاج کی سہولتیں فراہم کی جارہی ہے انھوں مخیرحضرات سے بھی اپیل کی معذور ہونے والے افراد اورکینسرمیں مبتلا مریضوں کے علاج کیلیے ہاشم میموریل ٹرسٹ میں عطیات دیں تاکہ غریب مریضوں کو کینسر کی جدیدترین سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔