بگ باش بولٹ وبلیک پردروازے کھلنے سے پہلے ہی بند؟

اسپورٹس ڈیسک  اتوار 19 اگست 2012
کیون پیٹرسن کی ایونٹ میں شرکت انگلش بورڈکی رضامندی سے مشروط کردی گئی۔ فائل فوٹو

کیون پیٹرسن کی ایونٹ میں شرکت انگلش بورڈکی رضامندی سے مشروط کردی گئی۔ فائل فوٹو

سڈنی: کیون پیٹرسن کی بگ باش میں شرکت بھی انگلش بورڈ کی رضامندی سے مشروط کردی گئی، اولمپکس میڈلسٹس یوسین بولٹ اور یوہان بلیک پر آسٹریلوی ٹوئنٹی 20 ایونٹ کے دروازے کھلنے سے پہلے ہی بند ہونے لگے، ایونٹ کے چیف مائیک میک کینا کا کہنا ہے کہ اسٹار بیٹسمین اور ای سی بی کے درمیان تنازع حل ہونے کا انتظار کرنا ہوگا۔

انھوں نے ٹیموں کو خبردار کیا کہ مشہور ایتھلیٹس کو صرف تفریح کی خاطر کھلانے سے گریز کیا جائے ۔ تفصیلات کے مطابق کیون پیٹرسن نے ٹوئنٹی 20 لیگز سے دولت کمانے کی خاطر اپنی انٹرنیشنل کرکٹ کو خطرے میں ڈالا اور اب دونوں چیزیں ان کے ہاتھ سے نکلتی دکھائی دے رہی ہیں۔

چند روز قبل میلبورن رینیگیڈز اور سڈنی سکسرز نے آسٹریلوی بورڈ سے درخواست کی تھی کہ انھیں کیون پیٹرسن کی خدمات حاصل کرنے کیلیے مقررہ معاوضے سے بڑھ کر رقم ادا کرنے کی اجازت دی جائے کیونکہ ان کی آن فیلڈ پرفارمنس کافی قدر رکھتی ہے، مگر بی بی ایل کے چیف مائیک میک کینا نے کہا کہ کیون پیٹرسن کو بگ باش میں کھیلنے کیلیے پہلے ذہنی طور پر اچھی حالت میں ہونا چاہیے، ٹیموں کو انتظار کرنا چاہیے کہ پیٹرسن اور بورڈ کے درمیان تنازع کا کیا حل نکلتا ہے، ابھی تو ہمیں یہ بھی نہیں معلوم کہ وہ انگلینڈ کیلیے صرف ٹیسٹ کھیلتے ہیں،تمام فارمیٹس یا پھر کچھ بھی نہیں، جب تک ہمیں ای سی بی سے ان کی دستیابی کے حوالے سے تصدیقی خط وصول نہ ہوجائے کچھ نہیں کہہ سکتے۔

بگ باش ٹیموں کی لندن اولمپکس میں میڈلز حاصل کرنے والے اسپرنٹرز یوسین بولٹ اور یوہان بلیک میں دلچسپی کے بارے میں میک کینا نے کہا کہ ہم نے اس بارے میں خبریں سنی ہیں مگر ٹیموں کو بہرحال ایسے کھلاڑیوں کو ضرورت ہوتی ہے جوان کی کامیابیوں میں حصہ ڈال سکیں، کرکٹ آسٹریلیا سلیکشن معاملات میں مداخلت نہیںکرتی مگر ہمیں میلبورن اسٹارز اور سڈنی سکسرز کے آفیشلز پر پورا اعتماد ہے کہ وہ ایسے سیلبریٹی ایتھلیٹس کو منتخب نہیں کریں گے جو فاسٹ بولنگ کا سامنا کرسکتے ہیں اور نہ بولنگ کرپائیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔