تنوشری دتہ ہراسانی کیس میں ڈیزی شاہ بھی پھنس گئیں

ویب ڈیسک  بدھ 28 نومبر 2018
اُن تمام افراد کا بیان ریکارڈ کریں گے جو اُس وقت سیٹ پر موجود تھے، پولیس فوٹو: فائل

اُن تمام افراد کا بیان ریکارڈ کریں گے جو اُس وقت سیٹ پر موجود تھے، پولیس فوٹو: فائل

 ممبئی: پولیس نے نانا پاٹیکر کے خلاف جنسی ہراسانی کیس میں اداکارہ ڈیزی شاہ کو بھی بیان ریکارڈ کرانے کے لئے طلب کرلیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ممبئی کے اوشی ویرا پولیس اسٹیشن کی جانب سے ڈیزی شاہ کو تحریری طور پر ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تنوشری دتہ کی جانب سے نانا پاٹیکر کے خلاف جنسی ہراسانی کیس میں بیان ریکارڈ کرائیں کیونکہ واقعے کے وقت وہ بھی سیٹ پر موجود اور بطور اسسٹنٹ کوریوگرافر کام کر رہی تھیں۔

دوسری جانب ڈیزی شاہ کا کہنا ہے کہ میں فلمی سیٹ پر صرف اسسٹنٹ کوریو گرافر تھی اور میرا کام ڈانس کے اسٹیپ سکھانا تھا، میں وہاں ہونے والے کسی بھی عمل کا حصہ نہیں تھی، اس وقت  وہاں جو کچھ بھی ہوا میں اُس بارے میں کچھ نہیں جانتی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ہم اُن تمام افراد کا بیان ریکارڈ کریں گے جو اُس وقت سیٹ پر موجود تھے اور اسی حوالے سے ڈیزی شاہ کو بھی طلب کیا گیا ہے، وہ اپنی سہولت کے مطابق جب چاہیں بیان ریکارڈ کراسکتی ہیں۔

یہ خبر بھی پڑھیں: نانا پاٹیکر پر ہراسانی کا الزام

واضح رہے کہ اداکارہ تنوشری دتہ نے نانا پاٹیکر پر جنسی ہراسانی کے الزامات عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے 10 سال قبل فلم ’ہارن اوکے پلیز‘ کے گانے کی شوٹنگ کے دوران انہیں جنسی طور پر ہراساں کیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔