چاند کی رویت پر پھر تنازع، خیبرپختونخوا میں آج باقی ملک میں کل عید الفطر ہوگی

کراچی: محکمہ موسمیات میں رویت ہلال کمیٹی کے سربراہ مفتی منیب الرحمن ا ور دیگر ارکان عیدالفطر کا چاند دیکھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

کراچی: محکمہ موسمیات میں رویت ہلال کمیٹی کے سربراہ مفتی منیب الرحمن ا ور دیگر ارکان عیدالفطر کا چاند دیکھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

کراچی / پشاور / لاہور: مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے مطابق شوال المکرم کا چاند نظر آنے کی کوئی قابل قبول شرعی شہادت موصول نہیںہوئی، عید کل (پیر) کو منائی جائے گی جبکہ سرکاری زونل رویت ہلال کمیٹی خیبرپختوا اور جامع مسجد قاسم کے مطابق چاند نظر آنے کی کئی قابل قبول شہادتیں موصول ہوئی ہیں اور عید آج منائی جائے گی جس پر خیبر پختونخوا حکومت نے بھی آج عید منانے کا اعلان کردیا، شمالی وزیرستان میں ہفتے کوعید منائی گئی اس طرح اس سال ملک میں تین عیدیں ہوںگی۔

تفصیلات کے مطابق مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمن نے کمیٹی کے اجلاس کے بعد اعلان کیا کہ عیدالفطر کا چاند نظر نہیں آیا لہٰذا عیدالفطر پیر (20 اگست) کو ہوگی۔ اجلاس میں مولانا حافظ سلفی، مولانا اسد دیوبندی، مفتی صابر حسین، مولانا علی کرار نقوی، مولانا نزیراحمد نعیمی، مولانا فیروز الدین رحمانی، مفتی منیر طارق و دیگر نے شرکت کی۔ منیب الرحمن نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں بعض مقامات پر مطلع صاف تھا اور بعض مقامات پر ابرآلود تھا پاکستان بھر کے کسی بھی مقام سے شوال المکرم کا چاند نظرآنے کی کوئی قابل قبول شہادت موصول نہیں ہوئی لہذا اتفاق رائے سے فیصلہ کیا گیا کہ عیدالفطر پیر 20 اگست کو ہوگی ۔

مانیٹرنگ ڈیسک کے مطابق مفتی منیب الرحمان نے کہا کہ عید الفطر منانے کا متفقہ فیصلہ ہے، کسی بھی دوسرے ملک میں سرکاری اعلان کے بعد بحث نہیں ہوتی جب سرکاری اعلان ہوجائے توشک کی گنجائش نہیں رہتی، روزہ اور عید کوئی میلہ ٹھیلہ نہیں ہے شریعت کے مطابق فیصلہ کیاجاتا ہے ۔ دوسری طرف مسجد قاسم علی خان کی غیر سرکاری رویت ھلال کمیٹی نے خیبرپختونخوا میں عید منانے کا اعلان کردیا۔ عید کا اعلان مسجدکے خطیب مفتی شہاب الدین پوپلزئی نے کیا۔ انھوں نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ہمیں مختلف علاقوں سے 23 مردوں اور ایک خاتون کی شہادت موصول ہوئی جس کے بعد متفقہ طور پر عید الفطر آج منانے کا اعلان کیا ۔

انھوں نے کہاکہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے فیصلے کے بارے میں کچھ نہیں کہوں گا اس سلسلے میں ہم نے اپنی بات سینیٹ میں پہنچا دی ہے اس مسئلے کو اب حل ہوجانا چاہیے۔ پشاور میں سرکاری زونل رویت ہلال کمیٹی نے بھی چاند نظر آنے کی شہادتیں دی تھیں۔ اس اعلان کے بعد سینیئرصوبائی وزیربشیر احمد بلور نے سرکاری زونل رویت ہلال کمیٹی اور مسجد قاسم علی خان کی غیر سرکاری کمیٹی کے فیصلے کی توثیق کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ ہم آج عید الفطر منائیں گے ۔ میڈیا سے گفتگو میں بشیر بلور نے کہاکہ ہم سب کے ساتھ مل کر عید منانا چاہتے تھے مگر بدقسمتی سے مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے ہماری شہادتوں کوتسلیم نہیں کیا ۔

انھوں نے کہاکہ ہم عوامی نمائندے اور عوام کی بات سنتے ہیں مرکزی کمیٹی نے ہماری ایک نہیں سنی ۔ ہماری شہادتوں کو مرکزی رویت ہلال کمیٹی نہیں مانتی جس پر ہمیں افسوس ہے۔ سینیئر صوبائی وزیر نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں تو ہر علاقہ میں چاند نظرآیا ہے اور صوبائی حکومت آج عوام کے ساتھ عید منائے گی۔ مانیٹر نگ ڈیسک کے مطابق اے این پی کے رہنما اسفندیارولی عید منانے کے لیے پشاورپہنچ گئے، اسفندیارولی خان تین روزتک کارکنوں اور عام شہریوں سے عید ملیں گے۔ پشاور کے شیعہ علما نے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اعلان کے مطابق کل عید منانے کا اعلان کیا ہے۔

آن لائن کے مطابق دنیا بھر میں مسلمانوں نے گزشتہ روز روزہ رکھا جبکہ شمالی وزیرستان کے علاقوں میرانشاہ، میرعلی اور نواح میں عید منائی گئی، نماز عید میں سیکڑوں افراد نے شرکت کی۔ خان گڑھ سے نامہ نگار کے مطابق علی پور میں اہل تشیع کے بعض لوگوں نے گزشتہ روز عید منائی اور جامعہ مسجد الحسنین بندے شاہ میں نماز عیدالفطر ادا کی گئی۔ سعودی عرب، قطر، کویت، اردن اور برطانیہ سمیت یورپ کے اکثر ممالک میں عید الفطر آج منائی جائے گی۔ سعودی عرب میں جمعہ کو چاند نظر نہیں آیا تھا جس پر علما نے عیدالفطر اتوار کو منانے کا باصابطہ اعلان کردیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔