بنگلہ لیگ کرپشن، مزید تحقیقات کی ضرورت پر زور

اسپورٹس ڈیسک  اتوار 30 جون 2013
آئی سی سی کا اجلاس میں کرپشن کیخلاف جنگ کو مضبوط کرنے کا عزم۔   فوٹو: اے ایف پی/فائل

آئی سی سی کا اجلاس میں کرپشن کیخلاف جنگ کو مضبوط کرنے کا عزم۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

لندن: آئی سی سی نے اینٹی کرپشن یونٹ کو مضبوط بنانے کا عزم ظاہر کردیا، کونسل کے 2013 سالانہ جنرل اجلاس کے اختتام پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ورلڈ گورننگ باڈی کرپشن کیخلاف جنگ میں اپنی سوچ کو مزید مضبوط بنائے گی۔

اس حوالے سے لندن میں ہونے والی میٹنگز میں کئی اہم فیصلے کیے گئے جس میں اینٹی کرپشن پروٹوکولز کو مزید بہتر بنانے کیلیے تجاویز پیش کی گئیں، اینٹی کرپشن اینڈسیکیورٹی یونٹ کے چیئرمین سر رونی فلینگن نے آئی سی سی بورڈ اور  چیف ایگزیکٹیو کمیٹی کے مشترکہ اجلاس میں اپنی سالانہ رپورٹ پیش کی، جس میں اینٹی کرپشن معاملات سے نبرد آزما ہونے کیلیے کئی تجاویز موجود تھیں جس میں کرپشن کیخلاف عدم برداشت کی پالیسی کا اعادہ کیا گیا۔

آئی سی سی بورڈ نے اینٹی کرپشن معاملات سے نمٹنے کیلیے اصولوں کو مزید بہتر بنانے پر اتفاق کیا، جس میں انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک اینٹی کرپشن قواعد کیلیے مستقل فریم ورک بھی شامل ہے، اس کے علاوہ بورڈ کو بنگلہ دیش پریمیئر لیگ 2013 پر اے سی ایس یو کی ہونے والی تحقیقات پر تازہ ترین پیشرفت سے بھی آگاہ کیا گیا، یہ بھی ہدایت کی گئی کہ مزید کوئی ایکشن لینے سے قبل مزید تحقیقات کی ضرورت ہے، آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹیو ڈیوڈ رچرڈسن نے میڈیا کو بتایا کہ کونسل بدستور پراعتماد ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ میں پلیئرز ، آفیشلز اور منتظمین کی اکثریت کھیل کے بہترین مفاد کو مقدم رکھتی ہے لیکن بہت کم تعداد منفی سرگرمیوں میں ملوث ہے، جس سے انھیں اور ان کے دیگر ساتھیوں کی ساکھ بھی ختم ہوگئی ہے اور انھوں نے کھیل کو بھی نقصان پہنچایا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔