عدلیہ ثاقب بلوچ کے ماورائے عدالت قتل کا نوٹس لے، پٹیل

اسٹاف رپورٹر  اتوار 30 جون 2013
کل رینجرزہیڈکوارٹرکے سامنے پرامن عوامی احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا، پریس کانفرنس. فوٹو: فائل

کل رینجرزہیڈکوارٹرکے سامنے پرامن عوامی احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا، پریس کانفرنس. فوٹو: فائل

کراچی: پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن کے صدرعبدالقادر پٹیل نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ ڈی جی رینجرزکے آگے بے بس ہیں۔

رینجرز والے ان کے احکامات نہیں مانتے، کراچی میں ماورائے عدالت قتل سے امن قائم نہیں ہوسکتا ہے، چیف جسٹس آف پاکستان لیاری میں انٹرنیشنل باکسرثاقب بلوچ کے ماورائے عدالت قتل کا فوری نوٹس لیں اور ان کے خاندان کو انصاف فراہم کیا جائے ،اس ماورائے عدالت قتل کے خلاف کل (پیر ) کو رینجرز ہیڈ کوارٹر  کے سامنے پرامن عوامی احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا، اگر متحدہ قومی موومنٹ پیپلزپارٹی کے ساتھ چلتی ہے تو ہم ساتھ چلنے کے لیے تیار ہیں لیکن اس کیلیے نیتوں کا صاف ہونا ضروری ہے ۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے ہفتے کو کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر سینیٹر یوسف بلوچ ،رکن سندھ اسمبلی جاوید ناگوری اور دیگر موجود تھے۔

عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ پیپلزپارٹی کسی بھی جرائم پیشہ افراد کے گروپ کی حمایت نہیں کرتی بلکہ ہم جرائم پیشہ عناصر کے خلاف ہونے والے آپریشن کی تائید کرتے ہیں۔انھوں نے الزام عائد کیا کہ لیاری میں انٹرنیشنل باکسرثاقب بلوچ کو رینجرز نے گرفتار کیا اور بعد ازاں اسے ماورائے عدالت قتل کردیا گیا۔اس سے قبل بھی انٹرنیشنل فٹبالراسماعیل بابا کا ماورائے عدالت قتل کیا گیا تھا۔انھوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ رینجرز کراچی میں رہے اور قیام امن کیلیے اپنا کردارادا کرے لیکن ڈی جی رینجرز کو اپنی پالیسی پر نظرثانی کرنی ہوگی ۔انھوں نے کہاکہ ہم پر الزامات لگایا جاتا ہے کہ پیپلزپارٹی گینگ وار کی حمایت کررہی ہے میں پوچھنا چاہتا ہوں کہ اگرہم گینگ وار ہیں توکراچی کی گینگ وار کون ہے؟۔

انھوں نے کہا کہ ہم جرائم پیشہ افراد کی نہیںاپنے ہیروز کی حمایت کررہے ہیں جن کا ماورائے عدالت قتل کیا جارہا ہے۔انھوں نے کہا کہ کراچی میں ایک جماعت کے لوگ قتل نہیں ہوئے بلکہ گزشتہ پانچ سالوں میں پیپلزپارٹی کے 500کارکنوں کو شہید کیا گیا ہے۔انھوں نے کہا کہ کراچی میں قیام امن کیلیے ضروری ہے کہ سیاسی جماعتیں اپنے عسکری ونگ ختم کریں۔انھوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کو کراچی اور سندھ میں ختم کرنے کی سازشیں کی جارہی ہے ہیں لیکن ان سازشوں کو عوام کی حمایت سے ناکام بنائیں گے۔انھوں نے کہا کہ باکسر ثاقب بلوچ کے ماورائے عدالت قتل کے خلاف عدالتوں سے بھی رجوع کیا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔