بجلی 5روپے یونٹ تک سستی کی جائے گی، زعیم قادری

مانیٹرنگ ڈیسک  اتوار 30 جون 2013
یہ کہنا غلط ہے کہ پی ایم ہاؤس، سی ایم ہاؤس، ججزکالونی، منسٹرز کالونیوں میں اتنی ہی ہونی چاہیے جتنی عوام کے لیے ہوتی ہے، رہنما مسلم لیگ (ن)۔ فوٹو : فائل

یہ کہنا غلط ہے کہ پی ایم ہاؤس، سی ایم ہاؤس، ججزکالونی، منسٹرز کالونیوں میں اتنی ہی ہونی چاہیے جتنی عوام کے لیے ہوتی ہے، رہنما مسلم لیگ (ن)۔ فوٹو : فائل

لاہور: ن لیگ کے رہنما زعیم قادری نے کہا ہے کہ بجلی کی چوری صرف پنجاب میں ہی نہیں پورے پاکستان میں ہے۔ پنجاب میں بجلی واجبات کی ریکوری 88 فیصد ہے کراچی میں سب سے زیادہ بجلی چوری ہوتی ہے، خیبر پختونخوا میں بجلی چوری نہیں ہوتی لیکن بل بھی نہیں دیے جاتے۔

ایکسپریس نیوزکے پروگرام ’’بات سے بات‘‘ میں میزبان ڈاکٹرماریہ ذوالفقارخان سے گفتگو میں انھوں نے کہاکہ کوئی بھی اکیلا بجلی چوری نہیں کرسکتا ہم نے بجلی چوری کو روکنے کے لیے میکانزم تیار کرلیا ہے۔اگر پی ایم ہاؤس، سی ایم ہاؤس، ججزکالونی، منسٹرز کالونیوں میں لوڈشیڈنگ نہیں ہوتی تویہ غلط ہے وہاں اتنی ہی ہونی چاہیے جتنی عوام کے لیے ہوتی ہے۔ ہم جلد انرجی پالیسی کا اعلان کر رہے ہیں جس میں بجلی پانچ روپے فی یونٹ تک سستی کی جائیگی۔

تحریک انصاف کے رہنما اعجاز چوہدری نے کہاکہ بجلی چوری اسوقت تک نہیں ہوسکتی جب تک محمکے کا کوئی بندہ اس میں ملوث نہ ہو۔ پاکستان کا بیڑہ غرق کرپشن کی وجہ سے ہوا ہے۔ بجلی ہی چوری نہیں ہوتی بلکہ بجلی بنانے کے لیے منگوائے گئے تیل میں بھی کرپشن کی جاتی ہے۔ اگر کے پی حکومت اور وفاق مل کر کام کریں تو بہت اچھے نتائج پیدا ہوسکتے ہیں۔پیپلز پارٹی کے رہنما شوکت بسرانے کہا کہ من حیث القوم ہم کرپٹ ہوچکے ہیں۔لوٹ کا مال اوپر تک جاتا ہے۔ جب لوڈشیڈنگ ہوتی تھی تو شہبازشریف احتجاج کیا کرتے تھے اب بھی متعدد علاقوں میں بارہ بارہ گھنٹے لوڈشیڈنگ ہوتی ہے لیکن جہاں پر لاہور کے شہزادے رہتے ہیں وہاں بہت کم لوڈشیڈنگ ہوتی ہے۔ 14 سال کا بھوکا شیر ایک ماہ میں ہی سب کچھ کھا گیا ہے آگے پتہ نہیں کیا ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔