لندن پولیس کے ذریعے ایم کیو ایم اور الطاف حسین کا میڈیا ٹرائل کیا جارہا ہے، فاروق ستار

ویب ڈیسک  اتوار 30 جون 2013
ایم کیو ایم اسکاٹ لینڈ یارڈ کی جانب سے چھاپوں کے خلاف لندن میں احتجاج کرے گی، فاروق ستار۔ فوٹو: فائل

ایم کیو ایم اسکاٹ لینڈ یارڈ کی جانب سے چھاپوں کے خلاف لندن میں احتجاج کرے گی، فاروق ستار۔ فوٹو: فائل

کراچی: متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ لندن پولیس کے ذریعے ایم کیو ایم اور الطاف حسین کا میڈیا ٹرائل کیا جارہا ہے۔

ایم کیوایم کے مرکز نائن زیرو پر الطاف حسین کی پارٹی قیادت سے دستبرداری کے خلاف  کارکنوں کے ہمراہ دھرنے میں شرکت کے دوران ڈاکٹر فاروق ستار نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا  ایم کیو ایم دہشت گردوں کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے شاید یہی وجہ ہے کہ اسے دیوار سے لگایا جا رہا ہے لیکن ملک بھر کے مظلوم عوام الطاف حسین کی قیادت میں ہی منزل پر پہنچیں گے۔

ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر عمران فاروق کا قتل ایم کیو ایم کے لئے بہت بڑا سانحہ ہے۔ ان کے قاتلوں کو گرفتار کیا جانا چاہئے لیکن عمران فاروق قتل کیس کی تفتیش کے بجائے ایم کیو ایم پر دباؤ بڑھایا جارہا ہے۔ ایم کیو ایم برطانوی ڈپٹی ہائی کمیشن میں پٹیشن جمع کرائے گی اور لندن میں برطانوی وزیراعظم کی رہائش گاہ کے باہر مظاہرہ بھی کیا جائے گا اس کے علاوہ ایم کیو ایم اس معاملے میں برطانوی عدالتوں سے رجوع کرے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔