افغانستان کے صوبے قندھار میں بم دھماکا، 37 جنگجو ہلاک

خبر ایجنسیاں  اتوار 2 دسمبر 2018
افغان صوبے غزنی میں بم دھماکے سے ہلاک ہونے والے 3 امریکی فوجیوں کی لاشیں امریکا پہنچادی گئیں۔ فوٹو : فائل

افغان صوبے غزنی میں بم دھماکے سے ہلاک ہونے والے 3 امریکی فوجیوں کی لاشیں امریکا پہنچادی گئیں۔ فوٹو : فائل

کابل / واشنگٹن: افغانستان کے صوبے قندھار میں کار بم دھماکے میں 37 جنگجو ہلاک ہوگئے۔

صوبائی گورنر ہاؤس کے ترجمان عزیز احمد عزیز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان کے صوبہ قندھار میں کار بم دھماکے میں 37 جنگجو ہلاک ہوگئے۔ جنگجو مسلح ہو کر گاڑیوں میں سوار افغان پولیس چیک پوسٹ پر حملے کیلیے رواں دواں تھے کہ قافلے میں موجود ایک گاڑی میں بارودی مواد پھٹ گیا جس کے نتیجے میں 37 جنگجو ہلاک ہوگئے۔

افغان وزارت دفاع کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ دھماکے میں 15موٹر سائیکلیں بھی تباہ ہوگئیں ۔ طالبان کی جانب سے کسی قسم کے ردعمل کا اظہار نہیں کیا گیا۔ ادھر افغان صوبے غزنی میں بم دھماکے سے ہلاک ہونے والے 3 امریکی فوجیوں کی لاشیں امریکا پہنچا دی گئی ہیں۔

امریکی پرچم میں لپٹے ہوئے ان تابوتوں کو لے کر ایک خصوصی پرواز ڈیلاویر شہر کے ڈوور ایئر فورس بیس پر پہنچ گئی۔ اس موقع پر سوگوار خاندان کے افراد کے علاوہ امریکی نائب صدر مائیک پنس اور میڈیا کے نمائندے بھی موجود تھے۔ یہ فوجی 27 نومبر کو ایسے علاقے میں ہلاک ہوئے جہاں طالبان کی سرگرمیوں کو غیر معمولی قرار دیا جاتا ہے۔

پینٹاگون نے ہلاک ہونے والے فوجیوں کی شناخت کا اعلان بھی کر دیا ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔