یاسر شاہ کی بولنگ کا توڑ کرنے کیلیے کیویز نے سرجوڑ لیے

اسپورٹس ڈیسک  اتوار 2 دسمبر 2018
بیٹسمین اور کوچز لمبی اننگز کیلیے حکمت عملی تیارکرنے میں مصروف ہیں، لیتھم۔ فوٹو:فائل

بیٹسمین اور کوچز لمبی اننگز کیلیے حکمت عملی تیارکرنے میں مصروف ہیں، لیتھم۔ فوٹو:فائل

ابوظبی: تیسرے ٹیسٹ میں یاسر شاہ کی بولنگ کا توڑ کرنے کیلیے کیویز نے سر جوڑ لیے۔

دبئی ٹیسٹ میں یاسر شاہ نے 14 وکٹیں لے کر پاکستان کی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا تھا، جس سے سیریز فی الحال 1-1 سے برابر ہوچکی، تیسرا اور آخری میچ پیر سے ابوظبی میں شروع ہوگا،اس میں کامیابی کیلیے کیوی بیٹسمین اور کوچنگ اسٹاف سرجوڑ کر پلاننگ میں مصروف ہے، خاص طور پر لیگ اسپنر پر قابو پانے کی حکمت عملی تیار ہورہی ہے۔

مہمان بیٹسمین ٹام لیتھم نے کہاکہ ہم یاسر شاہ کے خلاف بہتر پلان کی تیاری میں مصروف ہیں،امید ہے کہ بیٹنگ کے دوران ہم اس پر سختی سے کاربند رہتے ہوئے بڑی اننگز کھیلیں گے، ہمارے بیٹسمین لمبے دورانیہ تک بیٹنگ کرنے اور اسکور بورڈ پر بڑا مجموعہ سجانے کی صلاحیت رکھتے ہیں، بولرز بھی ان کنڈیشنز میں اچھی بولنگ کررہے ہیں۔ پہلے ٹیسٹ میں اننگز کی شرمناک شکست کے باوجود لیتھم ٹیم کے کم بیک کیلیے پُراعتماد ہیں۔

ٹام لیتھم نے کہاکہ جب سے ہم یو اے ای میں آئے اچھی کرکٹ کھیلنے میں مصروف ہیں، البتہ دبئی میں پہلی اننگز کے وہ 45 منٹ دیوانگی سے بھرپور تھے جس میں پوری ٹیم 90 رنز پر آؤٹ ہوگئی،البتہ دوسری باری میں عمدہ بیٹنگ سے ہمارا اعتماد بحال ہوچکا، وہاں ہم نے 300 سے زائد رنز بنائے جو ہمارے لیے بہت ہی زیادہ اہمیت رکھتے ہیں، ٹیم کے لیے یہ بھی ضروری ہے کہ ہم اس اننگز کی مثبت چیزوں کو لے کر آگے بڑھیں،مجھے پورا یقین ہے کہ ہم سیریز جیت سکتے ہیں۔

یاد رہے کہ نیوزی لینڈ نے پہلا ٹیسٹ صرف 4 رنز سے اپنے نام کیا تھا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔