ڈومیسٹک کرکٹ؛ پی سی بی کا سوتیلی ماں جیسا سلوک جاری

عباس رضا  اتوار 2 دسمبر 2018
قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں چند روز باقی تاحال شیڈول سامنے نہیں آ سکا۔ فوٹو: فائل

قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں چند روز باقی تاحال شیڈول سامنے نہیں آ سکا۔ فوٹو: فائل

لاہور: پی سی بی کا ڈومیسٹک کرکٹ کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک جاری ہے جب کہ قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں چند روز باقی مگر تاحال شیڈول سامنے نہیں آسکا۔

قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے لیے ڈرافٹ کا عمل 8 نومبر کو مکمل کرتے ہوئے اسکواڈز کا انتخاب کرلیا گیا تھا، ایونٹ 10 سے 25 دسمبر تک ملتان میں کرنے کا اعلان بھی کیا گیا لیکن بعد ازاں غیر یقینی صورتحال پیدا ہوئی  جب مقامی حکام نے سیکیورٹی اور دیگر انتظامات میں معاونت کرنے سے انکار کردیا۔

ذرائع کے مطابق بات چیت کے بعد یہ ادارے تعاون کرنے پر تیار ہوگئے اور پی سی بی ایونٹ ملتان میں کرانے کے لیے پُرامید ہے، دوسری طرف ابھی تک شیڈول بھی نہیں جاری کیا گیا،اہم فیصلوں میں تاخیر کی وجہ سے قائد اعظم ٹرافی کے بعد سب سے بڑا ڈومیسٹک ٹورنامنٹ شائقین کی توجہ سے محروم نظر آرہا ہے۔

ہمیشہ کی طرح اس بار بھی مارکیٹنگ کے شعبے نے بھی قومی ٹی ٹوئنٹی ایونٹ کو نظرانداز کیا ہوا ہے، تاحال براڈکاسٹر ادارے کے بارے میں بھی کوئی اطلاع سامنے نہیں آسکی، فیصلہ تاخیر سے ہونے کی وجہ سے نشریاتی ادارے کو انتظامات میں مشکل پیش آئے گی۔

ذرائع کے مطابق قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے لیے اسپانسرشپ کو حتمی شکل دینے پرآغاز سے 1یا 2روز قبل ہی شیڈول جاری کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال بھی قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ غیر یقینی صورتحال سے دوچار رہا تھا،پہلے ایونٹ ملتان میں کرانے کا فیصلہ کیا گیا، بعدازاں مختلف مسائل سامنے آنے پرانعقاد فیصل آباد میں ہوا،شیڈول میں بھی تبدیلی کی گئی، نیا چیئرمین آنے کے بعد حالات میں بہتری کی امید ہو رہی تھی لیکن تاحال ڈومیسٹک کرکٹ پی سی بی کی آخری ترجیح دکھائی دیتی ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔