جناح ٹرمینل پر مسافر کے بیگ سے 6 کروڑ کی کوکین برآمد

اسٹاف رپورٹر  اتوار 2 دسمبر 2018
کسی بھی ایئر پورٹ پرکوکین برآمدکرنے کی یہ سب سے بڑی کارروائی ہے،ایف آئی آر درج کرلی۔ فوٹو: فائل

کسی بھی ایئر پورٹ پرکوکین برآمدکرنے کی یہ سب سے بڑی کارروائی ہے،ایف آئی آر درج کرلی۔ فوٹو: فائل

کراچی: کسٹم حکام نے جناح ٹرمینل پرمسافرکے بیگ سے 3کلوسے زائد کوکین برآمد کرلی جس کی مالیت 6کروڑ روپے سے زائد ہے۔

کسٹم حکام  نے ہفتے کی صبح جناح ٹرمینل پر دبئی سے آنے والے مسافرکے سامان سے 3کلو 200 گرام کوکین برآمدکر کے قبضے میں لے لی۔

ڈپٹی کلکٹر کسٹم واصف ملک کے مطابق غیر ملکی ایئر لائن کے ذریعے دبئی سے جناح ٹرمینل پہنچنے والے مسافرجمیل الرحمن کے پاس صرف ہینڈ کیری موجود تھا، امیگریشن کاؤنٹرکو عبورکرنے کے بعد براہ راست ریڈ چینل پر پہنچنے کے بعد مسافر نے اپنے سامان کی سرچنگ کرائی، مسافرکے ہینڈکیری میں تین ٹراؤزر موجود تھے تاہم اسکریننگ مشین نے کسی اور چیز کی بھی نشاندہی کی جس کے بعد بیگ کو خالی کرکے اس کی جانچ پڑتال کی گئی اور بعدازاں اس کی سلائی ادھیڑی گئی تواس میں سے کوکین برآمد ہوئی۔

واصف ملک کے مطابق ملک کے کسی بھی ایئر پورٹ پرکوکین برآمد کرنے کی  یہ سب سے بڑی کارروائی ہے،کوکین اسمگلنگ کے واقعے کی ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔