کراچی میں ایم کیو ایم لندن کے 2 ٹارگٹ کلر گرفتار؛ غیر ملکی اسلحہ برآمد

ویب ڈیسک  اتوار 2 دسمبر 2018
نسیم عرف بلڈر کی نشاندہی پر کڈنی ہل پارک سے غیر ملکی جدید اسلحہ کا مدفون ذخیرہ برآمد ہوا فوٹو:فائل

نسیم عرف بلڈر کی نشاندہی پر کڈنی ہل پارک سے غیر ملکی جدید اسلحہ کا مدفون ذخیرہ برآمد ہوا فوٹو:فائل

 کراچی: قانون نافذ کرنے والے اداروں نے شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) لندن کے 2 ملزمان کو گرفتار کرتے ہوئے غیر ملکی جدید اسلحے کا ذخیرہ بھی برآمد کرلیا۔

ترجمان رینجرز کے مطابق خفیہ اطلاع پر گلشن اقبال ڈسکو بیکری کے قریب کارروائی کرکے ایم کیو ایم لندن کے ٹارگٹ کلر فاروق کو گرفتار کیا جو 2007 سے ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہے اور 2013 ميں آپريشن کے بعد گرفتاری کے خوف سے روپوش ہوگيا تھا۔ ملزم اسلحہ کی ترسیل کی وارداتوں میں بھی ملوث ہے اور اس کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ، ایمونیشن اور مسروقہ سامان برآمد ہوا۔ اسے قانونی چارہ جوئی کیلئے پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔

دوسری کارروائی کراچی کے علاقے بہادر آباد میں کی گئی جہاں پولیس نے کڈنی ہل پارک میں چھاپہ مارکر غیر ملکی جدید اسلحہ کا مدفون ذخیرہ برآمد کرلیا۔ ایس ایس پی غلام اظفر مہیسر نے بتایا کہ بہادر آباد پولیس نے نسیم عرف بلڈر کو ٹیپوسلطان روڈ پر مقابلے کے بعد گرفتار کیا اور اس کی نشاندہی پر اسلحہ کی برآمدگی ہوئی جس میں میں لانگ رینج کی روسی اسنائپر رائفل، سائلنسر لگی ایک کلاشنکوف اور 4 پستول شامل ہیں۔

ملزم نسیم ایم کیو ایم لندن کا سرگرم کارکن ہے اور این آر او کے ذریعے رہا ہوا تھا۔ اسے 2011 میں بھی قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اورنگی ٹاؤن سے 5 کلاشنکوف سمیت گرفتار کیا تھا مگر پھر ایم کیو ایم اقتدار میں آئی تو این آر او کے ذریعے جرائم پیشہ افراد کے مقدمات ختم ہونے پر فوری رہائی ملی۔ ملزم نے 11 جون 1998 کو اورنگی ٹاؤن میں رحمت چوک پر ڈینٹسٹ ڈاکٹر مظاہر علی قریشی کو قتل کرنے کا بھی اعتراف کرلیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔