علی بخاری ایشیا کے جونیئر اسکواش چیمپئن بن گئے

اسپورٹس رپورٹر  پير 1 جولائی 2013
پاکستانی اسٹار نے فائنل میں ٹاپ سیڈ اردنی احمد السراج کو 3-2 سے زیر کیا۔ فوٹو: فائل

پاکستانی اسٹار نے فائنل میں ٹاپ سیڈ اردنی احمد السراج کو 3-2 سے زیر کیا۔ فوٹو: فائل

لاہور: پاکستان کے علی بخاری نے ایشین جونیئر اسکواش چیمپئن شپ جیت لی،  بخاری نے فائنل میں ٹاپ سیڈ اردن کے احمد السراج کو شکست دی۔

عمان میں ہونے والی اس چیمپئن شپ میں پاکستانی کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی کامظاہرہ کیا، علی بخاری کے چیمپئن بننے کے علاوہ طیب اسلم کو سیمی فائنل میں ہار کا سامنا کرنا پڑا جبکہ بلال ذاکر نے چھٹی پوزیشن حاصل کی،ایک اور پاکستانی عماد فرید ایونٹ میں نویں نمبر پر رہے۔ ملکی گرلز کھلاڑیوں نے بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہر کیا اورسعدیہ گل نے انڈر17 کیٹیگری میں چھٹی جبکہ مدینہ ظفر نے 10ویں پوزیشن حاصل کی۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق اردن کے شہر عمان میں کھیلی گئی جونیئر اسکواش چیمپئن شپ کے فائنل میں پاکستانی علی بخاری کا سامنا میزبان اور ٹاپ سیڈ احمد السراج سے تھا جسے انھوں نے سخت مقابلے کے بعد3-2 سے ٹھکانے لگاتے ہوئے پاکستان کو چیمپئن بنادیا۔

پہلے سیٹ میںعلی بخاری کو میزبان کھلاڑی نے آئوٹ کلاس کرتے ہوئے 11-4 سے شکست دیدی۔ پاکستانی کھلاڑی کو حریف پلیئرز کے علاوہ میزبان شائقین کا بھی چیلنج درپیش تھا جو اپنے کھلاڑی کی حمایت کے لیے خوب نعرے لگا رہے تھے تاہم علی بخاری نے دوسرے سیٹ میں 11-9 سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے خطرناک عزائم کا اظہار کردیا، پاکستانی اسٹار نے تیسرا سیٹ بھی11-7 سے اپنے نام کیا، چوتھے سیٹ میں احمد السراج نے 11-8 سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے میچ برابر کردیا، آخری سیٹ میں دونوں کھلاڑی ایک، ایک پوائنٹ کیلیے سخت جدوجہد کرتے ہوئے دکھائی دیے، بالآخر علی بخاری نے 14-12 سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے ٹائٹل پر قبضہ جمالیا۔

قبل ازیں وہ سیمی فائنل میں بھارتی کش کمار کو 3-1 سے ہرا کرفیصلہ کن معرکہ میں پہنچے تھے جبکہ میزبان احمد نے فائنل فور میں پاکستان کے طیب اسلم کیخلاف اسی مارجن سے کامیابی حاصل کی تھی۔ ایونٹ میں پاکستان کے بلال ذاکر پانچویں پوزیشن کے میچ میں کویت کے یوسف نذیر صالح سے ہار گئے تھے جبکہ عماد فرید نے نویں پوزیشن کیلیے جنوبی کورین یونگ جو کو کیخلاف کامیابی حاصل کی۔ ایشین جونیئر چیمپئن شپ میں پاکستان کی دو گرلز کھلاڑی سعدیہ گل اور مدینہ ظفر نے بھی انڈر17 مقابلوں میں حصہ لیا تھا۔ سعدیہ گل پانچویں پوزیشن کے میچ میں ہانگ کانگ کی لام ونگ سے ہار گئی تھیں جبکہ، مدینہ ظفر کو نویں پوزیشن کے مقابلے میں بھارتی ادیا ایڈوانی نے مات دی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔