سیکیورٹی ادارے شہر کو پر امن نہیں بناسکتے، سبحان ساحل

اسٹاف رپورٹر  پير 1 جولائی 2013
عوام کے شعور نے آج کراچی میں تحریک انصاف کو مینڈیٹ دیا ہے.  فوٹو: فائل

عوام کے شعور نے آج کراچی میں تحریک انصاف کو مینڈیٹ دیا ہے. فوٹو: فائل

کراچی: پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما سبحان علی ساحل نے کہا ہے کہ کراچی میں امن و امان کی بدتر ین صورتحال کے ذمے دار سندھ حکومت اور قانون نافذ کرنیوالے ادارے ہیں جن پر 3 ارب روپے سے زائد سالانہ خرچ کر کے بھی جواب طلبی نہیں کی جاتی۔

ایک دوسرے پر ذمے داریاں ڈالنے والے کبھی اس شہر کو پرامن نہیں بناسکتے، عوام کی جانوں سے کھیل کر کراچی کو بین الاقوامی سیاست کا گڑھ بنانے کی ہر سازش بے نقاب کریںگے، آئندہ ان کے ایوانوں کا گھیرائو ہوگا، وہ اتوار کو پرامن کراچی خوشحال پاکستان ریلی کے اختتام پر پریس کلب کے سامنے مظاہرین سے خطاب کررہے تھے، ریلی میں کارکنوں اور خواتین کی بھی بڑی تعداد موجود تھی۔

سبحان ساحل نے کہا کہ عوام کے شعور نے ہی آج کراچی میں تحریک انصاف کو مینڈیٹ دیا ہے، اب ایوانوں اور وزیر اعلیٰ ہائوس کو معصوم جان کے خون کا حساب دینا ہوگا، انھوں نے کہا کہ پولیس اور حکومت کی ناک کے نیچے تاجروں اور دکانداروں سے بھتے کی پرچیاں دی جارہی ہیں مگر نااہل حکمران شہریوں کو لٹتا دیکھ رہے ہیں، انھوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ کراچی میں امن وامان کیلیے مربوط اقدامات کیے جائیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔