سری دیوی کی بیٹی جھانوی نے اردو سیکھنی شروع کردی

ویب ڈیسک  منگل 4 دسمبر 2018
جھانوی کپور نے فلم’تخت‘کے لیے اردو سیکھنی شروع کی ہے فوٹوفائل

جھانوی کپور نے فلم’تخت‘کے لیے اردو سیکھنی شروع کی ہے فوٹوفائل

ممبئی: بالی ووڈ کی لیجنڈ اداکارہ سری دیوی کی صاحبزادی اداکارہ جھانوی کپور نے فلم ’تخت‘ کے لیے اردو سیکھنی شروع کردی۔

بالی ووڈ میں کسی عام انسان کی نسبت مشہور فنکاروں کے بچوں کو مواقع آسانی سے مل جاتے ہیں۔ لیجنڈ اداکارہ سری دیوی کی بیٹی جھانوی کپور نے بھی اپنے والدین کی وجہ سے بہت آسانی سے فلم نگری میں قدم رکھ دیا لیکن بالی ووڈ میں کامیابی وہی حاصل کرتا ہے جو اپنی صلاحیت سے خود کو منواتا ہے۔

اداکارہ جھانوی کپور نے بھی خود کو منوانے کے لیے کڑی محنت شروع کردی ہے اور اسی مقصد کے لیے انہوں نے اپنی اگلی فلم ’تخت‘ کے لیے اردو سیکھنی شروع کردی ہے۔ جھانوی پچھلے چار ماہ سے اردو کی کلاسز لے رہی ہیں تاکہ فلم میں صحیح تلفظ اورلہجے کے ساتھ روانی سے اردو بول سکیں۔ اس کے علاوہ وہ باقاعدگی سے تاریخ کا مطالعہ بھی کررہی ہیں۔

واضح رہے کہ پروڈیوسر کرن جوہر کی فلم ’تخت‘ کی کہانی مغل دور کے گرد گھومتی ہے  لہٰذا فلم میں حقیقت کا رنگ بھرنے کے لیے اداکاروں کا صحیح تلفظ کے ساتھ اردو بولنا  ضروری ہے۔ فلم میں جھانوی کے علاوہ  رنویر سنگھ، کرینہ کپور خان، وکی کشال اور عالیہ بھٹ بھی اپنی اداکاری کے جلوے دکھائیں گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔