اسلام آباد ہائیکورٹ نے قائم مقام چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کو نوٹس جاری کردیا

ویب ڈیسک  پير 1 جولائی 2013
کرکٹ بورڈ کا سربراہ اس شخص کوہونا چاہیے جو دوڑ کرقذافی اسٹیڈیم کے 5 چکر لگا سکے۔ جسٹس شوکت عزیز صدیقی  فوٹو: فائل

کرکٹ بورڈ کا سربراہ اس شخص کوہونا چاہیے جو دوڑ کرقذافی اسٹیڈیم کے 5 چکر لگا سکے۔ جسٹس شوکت عزیز صدیقی فوٹو: فائل

اسلام آ باد: ہائی کورٹ نے قائم مقام چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کونوٹس جاری کردیا، اس موقع پرجسٹس شوکت عزیز صدیقی کا کہنا تھا کہ کرکٹ بورڈ کا سربراہ اس شخص کوہونا چاہیے جو دوڑ کرقذافی اسٹیڈیم کے 5 چکر لگا سکے۔ 

جسٹس شوکت عزیز صدیقی پر مشتمل اسلام آباد ہائی کورٹ کے سنگل بینچ نے چیرمین پی سی بی کی تقرری کے خلاف درخواست کی سماعت کی، دوران سماعت عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے عبوری حکم میں قرار دیا کہ وزارت بین الصوبائی رابطہ نے پی سی بی کے قائم مقام سربراہ کے تقرر کے لئے جمع کرائے گئے جواب میں ممتاز رضوی، چشتی مجاہد اور ماجد خان کے نام دئیے تھے مگر میڈیا رپورٹس سے پتہ چلا کہ نجم سیٹھی کو قائم مقام چیئرمین پی سی بی تعینات کردیا گیا ہے۔

اس موقع پر جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے استفسار کیا کہ آصف اقبال اور رمیز راجہ جیسے کھلاڑیوں کی موجودگی میں کرکٹ سے ناواقف شخص کو چیئرمین پی سی بی کیوں تعینات کیا گیا، نجم سیٹھی کو تو شاید یہ بھی نہ پتہ ہو کہ فیلڈنگ کی پوزیشنز کیا ہوتی ہیں، انہوں نے کہا کہ پی سی بی کا چیئرمین اس شخص کو ہونا چاہیے جو دوڑ کر قذافی اسٹیڈیم کے 5 چکر لگا سکے، عدالت نے آئندہ سماعت پر قائم مقام چیئرمین نجم سیٹھی اور وزارت بین الصوبائی رابطہ سے جواب طلب کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 4 جولائی تک ملتوی کردی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔