جسٹس تصدق متوقع چیف جسٹس، ججوں کی نئی سنیارٹی لسٹ جاری

غلام نبی یوسفزئی  اتوار 19 اگست 2012
جسٹس شاکراللہ جان کی ریٹائرمنٹ پرجسٹس ناصرالملک سپریم جوڈیشل کونسل، جسٹس انورظہیر جوڈیشل کمیشن کے رکن بن گئے

جسٹس شاکراللہ جان کی ریٹائرمنٹ پرجسٹس ناصرالملک سپریم جوڈیشل کونسل، جسٹس انورظہیر جوڈیشل کمیشن کے رکن بن گئے

اسلام آباد: جسٹس میاں شاکراللہ جان کی ریٹائرمنٹ کے بعد سپریم کورٹ کے ججوں کی نئی سینیارٹی لسٹ جاری ہوگئی ہے۔جسٹس تصدق حسین جیلانی عدالت عظمیٰ کے سینئر ترین جج بن گئے ہیں جو ملک کے آئندہ چیف جسٹس ہوںگے۔میاں شاکراللہ جان کی ریٹائرمنٹ پر جسٹس ناصر الملک سپریم جوڈیشل کو نسل اور جسٹس انور ظہیر جمالی جوڈیشل کمیشن کے رکن بن گئے ۔

سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس شاکراللہ جان جمعے کو سرکاری طور پر ریٹائر ہوگئے ان کی ریٹائرمنٹ کے بعد ججوں کی سینیارٹی لسٹ کے علاوہ اعلیٰ عدلیہ کے ججوں کے ضابطہ اخلاق کا جائزہ لینے کا آئینی فورم سپریم جوڈیشل کونسل اور اعلیٰ عدلیہ کے ججوںکی تقرری کا فورم جوڈیشل کمیشن کی بناوٹ میں بھی تبدیلی آئی ہے۔سپریم کورٹ کی نئی سینیارٹی لسٹ کے مطابق جسٹس تصدق حسین جیلانی سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج بن گئے ہیں ،الجہادکیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق جسٹس تصدق حسین جیلانی 11دسمبر 2013کو چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی ریٹائرمنٹ پر ملک کے آئندہ چیف جسٹس ہوں گے۔

جسٹس تصدق حسین جیلانی چھ مہینے سترہ دن تک چیف جسٹس پاکستان رہیں گے اور 5جولائی 2014کو ریٹائر ہوںگے۔جسٹس شاکراللہ جان کی ریٹائرمنٹ سے سپریم جوڈیشل کونسل کی بناوٹ بھی تبدیل واقع ہوگئی ہے ،سینیارٹی میں دوسرے نمبرکے جج جسٹس نا صرالملک سپریم جوڈیشل کونسل کے نئے ممبر بن گئے ہیں ۔آئین کے مطابق ججوں کے ضابطہ اخلاق کا جائزہ لینے کیلیے قائم کونسل کے چیئرمین چیف جسٹس پاکستان ہوتے ہیں جبکہ سپریم کورٹ کے سینئر ترین دو جج اور دو ہائی کورٹس کے چیف جسٹس صاحبان جو سب سے سینئر ہو اس کے رکن ہوتے ہیں۔ جسٹس تصدق حسین جیلانی کے بعد جسٹس ناصرالملک چیف جسٹس پاکستان کے عہدے پر فا ئز ہوںگے۔

جسٹس ناصرالملک کی ریٹائرمنٹ 16اگست 2015 کو ہوگی۔جسٹس (ر) میاں شاکراللہ جان کی ریٹائرمنٹ پر جسٹس انور ظہیر جمالی سینیارٹی میں چوتھے نمبر پرآگئے ہیں اور اس حیثیت میں جوڈیشل کمیشن کے رکن بن گئے ہیں۔چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں قائم کمیشن سپریم کورٹ کے چار سینئر ترین ججوں،ایک ریٹائرڈ جج،وفاقی وزیر قانون،اٹارنی جنرل اور پاکستان بارکونسل کے نمائندے پر شامل ہوتاہے۔

نئی بناوٹ میںجسٹس تصدق حسین جیلانی،جسٹس ناصر الملک ،جسٹس جواد ایس خواجہ اور جسٹس انور ظہیر جمالی اس کمیشن کے رکن ہیں ۔الجہاد ٹرسٹ کیس کی رو سے جسٹس جواد ایس خواجہ اور جسٹس انور ظہیر جمالی بھی مستقبل کے چیف جسٹس صاحبان ہوںگے۔جسٹس جواد ایس خواجہ سب سے کم محض 23دن چیف جسٹس ہوںگے ،اب تک سب سے کم عرصے کیلیے چیف جسٹس پاکستان کے عہدے پر جسٹس(ر) بشیر جہانگیری دو مہینے اور اٹھائیس دن رہے ہیں ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔