کرپٹ حکومتی اہلکاروں کو فارغ کر دیا جائے، وزیراعظم کا وزرا اور وفاقی سیکریٹریز کو خط

ویب ڈیسک  پير 1 جولائی 2013
کرپشن، اقربا پروری اور نااہلی کے خاتمے کے بغیر گورننس میں بہتری نہیں لائی جاسکتی،وزیراعظم. فوٹو: فائل

کرپشن، اقربا پروری اور نااہلی کے خاتمے کے بغیر گورننس میں بہتری نہیں لائی جاسکتی،وزیراعظم. فوٹو: فائل

لاہور:  وزیراعظم میاں نواز شریف نے وفاقی وزرا اور سیکریٹریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے اپنے اداروں میں بدعنوان افسروں کو فارغ کرکے اہم عہدوں پر ایماندار اور بے داغ افسران کو تعینات کریں ۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے کابینہ کے ارکان اور وفاقی سیکرٹریوں کو لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ ملک کے عوام نے انتخابات میں ان پر اعتماد کا اظہار کیا اور ان کے پاس اس اعتماد کو ٹھیس پہنچانے کا آپشن موجود نہیں۔ موجودہ نظام حکومت میں کرپشن اور غیر شفافیت کی کوئی گنجائش نہیں، نظام کو کرپشن کی لعنت سے پاک کرنا ان کی حکومت کے ایجنڈے میں سب سے اہم ترجیح ہے کیونکہ کرپشن، اقربا پروری اور نااہلی کے خاتمے کے بغیر گورننس میں بہتری نہیں لائی جاسکتی۔

وزیراعظم نے وزراء اور وفاقی سیکرٹریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ جانچ پڑتال کرکے کرپشن اور غیر مناسب رویہ رکھنے والے ملازمین کو برطرف جب کہ کنٹریکٹ پر کام کرنے والے بدعنوان افسران کے معاہدے منسوخ کردیں اور ملازمین کو پیشہ وارانہ فرائض بخوبی سرانجام دینے کی ہدایت کریں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔