سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک میں پہلا روزہ 10 جولائی کو ہو گا، ماہر فلکیات

ویب ڈیسک  پير 1 جولائی 2013
سعودی عرب میں رمضان کا چاند 9جولائی کو نظرآئے گا تاہم رویت کا حتمی اعلان ریاستی حکام کریں گے، ماہر فلکیات فوٹو:فائل

سعودی عرب میں رمضان کا چاند 9جولائی کو نظرآئے گا تاہم رویت کا حتمی اعلان ریاستی حکام کریں گے، ماہر فلکیات فوٹو:فائل

ریاض:  ماہر فلکیات کا کہنا ہے کہ سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک میں پہلا روزہ 10 جولائی کو ہو گا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی ماہر فلکیات ڈاکٹر علی الشکری کا کہنا ہے کہ 8 جولائی کو رمضان کا چاند صرف امریکا میں نظر آئے گا اور چھوٹا ہونے کی وجہ سے سعودی عرب میں ٹیلی اسکوپ سے بھی اس کو دیکھنا ناممکن ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ  ماہ شعبان کا چاند پورے 30 دن کا ہوگا جس کے بعد سعودی عرب میں رمضان کا چاند 9 جولائی کی شام کو دیکھا جا سکے گا اورمملکت سمیت خلیج کے بیشتر ممالک میں  پہلا روزہ 10 جولائی کو ہوگا تاہم چاند کی رویت کا حتمی اعلان ریاستی حکام کریں گے۔

دوسری جانب پاکستان میں رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس چیرمین مفتی منیب الرحمان کے زیر صدارت کراچی میں 9 جولائی کو ہو گا جب کہ ساتھ ہی  صوبائی سطح پر زونل کمیٹیوں  کے اجلاس بھی منعقد کئے جائیں گے جورمضان کے چاند کی رویت کے حوالے سے مرکزی کمیٹی کی معاونت کریں گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔