پشاورہائی کورٹ نے نجی حج آپریٹرز کے کوٹے میں کمی کا فیصلہ معطل کردیا

ویب ڈیسک  پير 1 جولائی 2013
سعودی حکومت کی جانب سے تمام اسلامی ممالک سمیت پاکستان کے حج کوٹے میں 20 فیصدکمی کردی گئی تھی فوٹو: فائل

سعودی حکومت کی جانب سے تمام اسلامی ممالک سمیت پاکستان کے حج کوٹے میں 20 فیصدکمی کردی گئی تھی فوٹو: فائل

پشاور:  ہائی کورٹ نے نجی حج آپریٹرز کے کوٹے میں کمی کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے وفاقی وزارت مذہبی امور سے جواب طلب کرلیا ہے۔

جسٹس ملک منظورحسین اور جسٹس مسزارشاد قیصر پر مشتمل پشاور ہائی کورٹ کے  ڈویژن بنچ نے  وفاقی وزارت مذہبی امور کی جانب سے حج کوٹے میں کمی کے خلاف 11 نجی ٹور آپریٹرز کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران مدعی کی جانب سے پیش ہونے والے وکیل نے مؤ قف اختیار کیا کہ مسجد الحرام کی توسیع کے منصوبے کے پیش نظر حج کے لئے سعودی حکومت نے دنیا کے تمام ممالک کا کوٹہ کم کردیا ہے جس کے تحت پاکستان کے کوٹے میں 36 ہزار کی کمی کی گئی ،وزارت مذہبی امور نے ابتدا میں سرکاری اور نجی کوٹے میں برابر کمی کا اعلان کیا تھا تاہم بعد میں کوٹے میں کمی کا اطلاق صرف نجی ٹور آپریٹرز پر کردیا گیا جس سے انہیں کروڑوں روپے کے نقصان کا خدشہ ہے۔

پشاور ہائی کورٹ نے فریقین کا مؤقف سننے کے بعد نجی حج آپریٹرز کے کوٹے میں کمی کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے اس معاملے پر وفاقی سیکریٹری برائے مذہبی امور سے جواب طلب کرلیا ہے۔

واضح رہے کہ حج آپریشن کے دوران حجاز مقدس میں حاجیوں کی رہائش گاہوں کے حصول اور دیگر خدمات کے حصول کے لئے پیشگی رقم دینا پڑتی ہے جو نجی حج  آپریٹرز ادا کرچکے ہیں، نجی حج ٹورز آپریٹرز کا کہنا ہے کہ 36 ہزار حاجیوں کی کمی سے انہیں 80 کروڑ روپے تک کا نقصان برداشت کرنا پڑے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔