دورہ ویسٹ انڈیز کے لئے قومی کرکٹ ٹیم کو حتمی شکل دے دی گئی

ویب ڈیسک  پير 1 جولائی 2013
قومی ٹیم رواں ماہ ویسٹ انڈیز کے دورے پر روانہ ہورہی ہے جہاں وہ کالی آندھی سے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلے گی. فوٹو: اے ایف پی

قومی ٹیم رواں ماہ ویسٹ انڈیز کے دورے پر روانہ ہورہی ہے جہاں وہ کالی آندھی سے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلے گی. فوٹو: اے ایف پی

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی نے دورہ ویسٹ انڈیز کے لئے قومی ٹیم کو حتمی شکل دے دی ہے تاہم ٹیم کا باضابطہ اعلان بدھ کو کئے جانے کا امکان ہے۔

لاہور میں اقبال قاسم کی سربراہی میں قومی سلیکشن کمیٹی کے اجلاس کے دوران دورہ ویسٹ انڈیز کے لئے ٹیم کی تشکیل پر غور کیا گیا، کمیٹی نے ون ڈے اسکواڈ کی قیادت کے لئے مصباح الحق پر ہی اعتماد کا اظہار کیا ہے تاہم چیمپئنز ٹرافی کے لئے ٹیم میں شامل کئے گئے عمران فرحت، شعیب ملک، کامران اکمل، عبدالرحمان اور احسان عادل کو ڈراپ کرکے ان کی جگہ وکٹ کیپر محمد رضوان، شاہد آفریدی، عمر اکمل، حارث سہیل اور احمد شہزاد شامل کیا جارہا ہے، سیلیکٹرز نے ون ڈے ٹیم کے نائب کپتان اور ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کے کپتان محمد حفیظ کو ان کی گزشتہ ناقص کارکردگی کے باوجود ایک اور موقع دینے کا فیصلہ کیا ہے، کالی آندھی کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لئے سہیل تنویر اور رضا حسن قومی اسکواڈ کا حصہ ہوں گے۔

دوسری جانب دورے کے لئے جانے والی ٹیم میں سابق اسپنر اور سلیکشن کمیٹی کے سربراہ عبدالقادر کے بیٹے عثمان قادر کو ٹیم کے اضافی کھلاڑی کی حیثیت سے بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کی منظوری قائم مقام چیرمین پی سی بی نجم سیٹھی سے لے لی گئی ہے۔

واضح رہے کہ قومی ٹیم رواں ماہ ویسٹ انڈیز کے دورے پر روانہ ہورہی ہے جہاں وہ کالی آندھی سے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔