وائٹ ہاؤس کی ٹرمپ کے وزیراعظم عمران خان کو خط بھیجنے کی تصدیق

ویب ڈیسک  بدھ 5 دسمبر 2018
ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے خط میں پاکستان سے افغان طالبان سے مذاکرات کے لیے تعاون مانگا تھا۔ فوٹو : فائل

ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے خط میں پاکستان سے افغان طالبان سے مذاکرات کے لیے تعاون مانگا تھا۔ فوٹو : فائل

 واشنگٹن: وائٹ ہاؤس نے صدر ٹرمپ کی جانب سے  وزیراعظم عمران خان کو خط بھیجے جانے کی تصدیق کردی ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق وائٹ ہاؤس نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کو خط بھیجے جانے کی تصدیق کردی ہے۔

ترجمان نیشنل سیکیورٹی کونسل نے خط کی تفصیل بتائے بغیر کہا کہ پاکستان سے افغان امن عمل کے لیے مکمل حمایت حاصل کرنے کے لیے درخواست کی گئی ہے، افغان مذاکراتی عمل کے کامیاب انعقاد پاکستان کے کردار کے بغیر ناممکن ہے۔

وائٹ ہاؤس ترجمان نے مزید کہا کہ خط میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ افغان امن عمل میں پاکستان کی مدد پاک امریکا شراکت کے لیے بنیادی اہمیت رکھتی ہے اور پاکستان میں یہ صلاحیت ہے کہ وہ اپنی سرزمین پر طالبان کے ٹھکانے نہ بننے دے۔

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے دو روز قبل سینئرصحافیوں اوراینکرپرسنز سے ملاقات کے دوران بتایا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا ایک خط موصول ہوا ہے جس میں افغان طالبان سے مذاکرات کے لیے پاکستان سے تعاون مانگا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔