پرویزمشرف کیخلاف غداری کے مقدمے کی حمایت کرتے ہیں

نامہ نگار  منگل 2 جولائ 2013
 قادر مگسی کا کہناتھا کہ وزیر اعظم میاں نواز شریف نے اقتدار میں نئے کلچر کا آغاز کیا ہے. فوٹو: فائل

قادر مگسی کا کہناتھا کہ وزیر اعظم میاں نواز شریف نے اقتدار میں نئے کلچر کا آغاز کیا ہے. فوٹو: فائل

ٹنڈو محمد خان:  سندھ ترقی پسند پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر قادر مگسی نے کہا ہے کہ ان کی پارٹی سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف غداری کا مقدمہ چلانے کے حکومتی فیصلے کی حمایت کرتی ہے۔

ان کے خلاف 12 مئی، شہید بے نظیر بھٹو اور نواب اکبر بگٹی کے قتل کا مقدمہ بھی چلنا چاہیے۔ کارکنوں کے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ان کا کہناتھا کہ وزیر اعظم میاں نواز شریف نے اقتدار میں نئے کلچر کا آغاز کیا ہے، کالا باغ ڈیم مردہ گھوڑا ہے، پنجا ب کا سرمایہ دار طبقہ اس میں جان ڈالنے کی ناکام کوشش کر رہا ہے اگر کالا باغ ڈیم کی تعمیر کی بات کی گئی تو پوری سندھی قوم سڑکوں پر نکل آئے گی۔ بجلی کے بحران پر قابو پانے کے لیے حکومت دریائی پانی کے بہاؤ، ہوا، تھر کا کوئلہ اور نیوکلیئر ٹیکنالوجی کا سہارا لے سکتی ہے ۔

جس سے 15 سے 16 ہزار میگا واٹ تک بجلی پیدا کی جاسکتی ہے۔ قادر مگسی کا کہنا تھا کہ دو مرتبہ کی ناکام حکومت کے بعد پیپلز پارٹی نے قائم علی شاہ کو تیسری مرتبہ وزیر اعلیٰ سندھ بنا دیا ہے۔ عام انتخابات میں سندھ میں پیپلز پارٹی کی کامیابی سندھ کے عوام کے ساتھ بہت بڑا مذاق ہے۔

10 جماعتی اتحاد انتخابات میں ہارا نہیں ہے بلکہ اسے ہرایا گیا ہے اور اس سازش میں پیپلز پارٹی کی حمایت یافتہ نگران حکومت شامل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں دہشت گردی کا واحد حل یہ ہے کہ سندھی، پنجابی، بلوچی، پختون اور سرائیکی قوموں کا ان کے خطے اور ان کے وسائل پر حق تسلیم کرلیا جائے۔ انہوں نے گورنر سندھ کو برطرف کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔ اس موقع پر پارٹی کے مرکزی رابطہ سیکریٹری ڈاکٹر احمد نوناری اور ڈاکٹر جی ایم گل بھی موجود تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔