علی ظفر سُر کی عاطف اسلم سے زیادہ سمجھ رکھتا ہے، راحت فتح علی

شوبز رپورٹر  منگل 2 جولائی 2013
شوبز کی رنگا رنگ دنیا میں شہرت، دولت تو ہے لیکن کام کی سمجھ بوجھ بہت کام لوگوں کو ہوتی ہے، راحت فتح علی خان  فوٹو : فائل

شوبز کی رنگا رنگ دنیا میں شہرت، دولت تو ہے لیکن کام کی سمجھ بوجھ بہت کام لوگوں کو ہوتی ہے، راحت فتح علی خان فوٹو : فائل

لاہور:  پاکستان کے بین الاقوامی شہرت یافتہ قوال وگلوکارراحت فتح علی خاں نے کہا ہے کہ گلوکار عاطف اسلم کے مقابلے علی ظفر سُر کی زیادہ سمجھ بوجھ رکھتا ہے اور اسی لیے اس کے ذاتی گیت زیادہ سریلے ہوتے ہیں۔

دوسری جانب عاطف اسلم بہت مقبول گلوکار ہیں لیکن ان کی سُر پر گرفت زیادہ مضبوط نہیں ہے۔ ان خیالات کااظہار راحت فتح علی خاں نے ’’ایکسپریس‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا کہ اگر دیکھا جائے تو عاطف اسلم اور علی ظفر اپنے گیتوں کی بدولت دنیا کے بیشترممالک میں یکساں مقبول ہے لیکن جہاں تک مجھے موسیقی کا علم ہے اس کے مطابق میں یہ محسوس کرتا ہوں کہ علی ظفر سُر کوعاطف سے زیادہ سمجھتے ہیں اور اس کی تیارکردہ کمپوزیشن زیادہ اچھی ہوتی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ شوبز کی رنگا رنگ دنیا میں شہرت، دولت تو ہے لیکن کام کی سمجھ بوجھ بہت کام لوگوں کو ہوتی ہے۔

’’ قسمت کی دیوی‘‘ جب مہربان ہوتی ہے توپھر کوئی کام بھی کیا جائے وہ لوگوں کی توجہ کامرکز بنتا ہے۔ اگرہم فن موسیقی کی بات کریں تو شہرت کی بلندیوںکو چھونے والوں میں بہت سے ایسے نام نظرآئینگے جنہوں نے موسیقی کی باقاعدہ تعلیم حاصل نہیں کی لیکن کامیابی نے ان کے ہرلمحہ قدم چومے ہیں۔ مگراس کا ہرگزیہ مطلب نہیں ہے کہ جونوجوان موسیقی کی طرف آنا چاہتے ہیں وہ تربیت حاصل کیے بغیر ہی گانا شروع کردیں۔ کسی بھی کام کو بہتر کرنے کے لیے محنت، لگن اور ریاضت بہت ضروری ہوتی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔