کرتار پور راہداری پر کام کا باقاعدہ آغاز کردیا گیا

نمائندہ ایکسپریس / آصف محمود  بدھ 5 دسمبر 2018
کرتار پور راہداری کی تعمیر کا ٹھیکہ نجی کمپنی کو دیا گیا ہے فوٹو: فائل

کرتار پور راہداری کی تعمیر کا ٹھیکہ نجی کمپنی کو دیا گیا ہے فوٹو: فائل

 لاہور: کرتارپور راہداری پر کام کا باقاعدہ آغازکردیا گیاہے جس کے پہلے مرحلے میں دریائے راوی پر 800 میٹرطویل پل اور اطراف میں دفاعی بند تعمیر کیا جائے گا۔

متروکہ وقف املاک بورڈ کے حکام کے مطابق کرتار پور راہداری کی تعمیر کا ٹھیکہ نجی کمپنی کو دیا گیا ہے جس نے باقاعدہ کام کا آغاز کردیا ہے، دربار صاحب سے بھارتی سرحد تک ساڑھے چار کلومیٹر طویل سڑک کی تعمیر کے پہلے مرحلے میں دریائے راوی پر 800 میٹر طویل پل بنانے کے لئے کھدائی شروع کردی گئی ہے، دریائے راوی کے علاوہ برساتی نالے بئیں پر بھی ایک چھوٹا پل بنایا جائے گا۔

سابق رکن پنجاب اسمبلی سردار رمیش سنگھ اروڑہ کے مطابق کرتار پور کوریڈور کے سنگ بنیاد کے دوسرے روز ہی تعمیراتی کمپنی کی مشینری یہاں پہنچ گئی تھی ، کرتارپور سے بارڈر تک سفید چونا اور جھنڈیاں لگا کر سڑک کی تعمیر کیلئے نشاندہی کر دی گئی جبکہ مٹی، پتھر، ریت، سیمنٹ، بجری اور دیگر میٹریل پہنچادیا گیا ہے۔

دربار صاحب پرتعینات گرنتھی اور سیوک سردار گوبند سنگھ نے بتایا کہ کرتار پور راہداری اور دربار صاحب کی توسیع کے پہلے مرحلے کا کام گرونانک دیوجی کے 550ویں جنم دن سے پہلے مکمل ہوجائے گا، آئندہ جنم دن پر اندرون اور بیرون ملک سے ایک لاکھ سے زائد سکھ یاتریوں کی آمد متوقع ہے جس کے لئے عارضی رہائش گاہوں کے قیام کے لیے بھی جلد کام شروع کر دیا جائے گا جبکہ دوسرے مرحلے میں دربار کی تزئین و آرائش کے ساتھ ساتھ ویزہ لے کر آنے والے سکھوں کے لیے فائیو اسٹار ہوٹل، شاپنگ سینٹر اور اسپتال تیار کیا جائے گا اور بہت جلد شکر گڑھ اور نارووال کے درمیان کرتار پور سٹی آباد ہو گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔