عامرکو بورڈ سہولیات سے استفادے کی اجازت ملنے کا امکان

اے ایف پی / اسپورٹس ڈیسک  منگل 2 جولائی 2013
پیسر نے اعتراف جرم کے ساتھ آئی سی سی سے تعاون کیا، کیس پر غور ہوگا، جائلز کلارک.فوٹو : فائل

پیسر نے اعتراف جرم کے ساتھ آئی سی سی سے تعاون کیا، کیس پر غور ہوگا، جائلز کلارک.فوٹو : فائل

کراچی:  اسپاٹ فکسنگ میں پاکستان کو دنیا بھر میں بدنام کرنے والے فاسٹ بولر عامر کو پی سی بی کی سہولیات سے استفادے کی اجازت ملنے کا امکان ہے۔

آئی سی سی نے ان کے کیس پر نظر ثانی کیلیے کمیٹی بنادی،سربراہ جائلز کلارک کا کہنا ہے کہ پیسر نے اعتراف جرم کے ساتھ آئی سی سی سے تعاون کیا، ان کے کیس پر غور کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق آئی سی سی نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی درخواست پر اسپاٹ فکسنگ میں ملوث عامر کی پابندی کا جائزہ لینے کیلیے کمیٹی قائم کردی،اس بارے میں پی سی سی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ آئی سی سی نے ہماری سفارشات پر کمیٹی بنائی ہے، وہ اینٹی کرپشن کوڈ کا جائزہ لینے کے ساتھ عامر کی پابندی کے بارے میں بھی آئی سی سی کو سفارشات پیش کرے گی۔

کونسل کی جانب سے پابندی میں نرمی کی صورت میں عامر پی سی بی کے گراؤنڈز، جم اور دیگر سہولیات سے استفادہ کرسکیں گے۔ آئی سی سی کمیٹی کے سربراہ اور انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے چیئرمین جائلز کلارک کا کہنا ہے کہ عامر نے نہ صرف عوامی سطح پر اپنی غلطی کو تسلیم بلکہ آئی سی سی سے تعاون اور اصلاحی پروگرام میں بھی حصہ لیا۔

میں اس کے کیس کا ایک چھوٹے سے گروپ کے ساتھ جائزہ لوں گا، اس میں کرکٹ آسٹریلیا کے چیئرمین اور سنگاپور کرکٹ ایسوسی ایشن کے نمائندے بھی شامل ہوں گے۔ کلارک نے زور دیا کہ سب سے اہم ان معاملات میں ملوث کھلاڑیوں کا اقرار جرم اور معافی مانگنا ہے، مجھے خوشی ہے کہ سلمان بٹ بھی اب اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے معافی مانگ چکا، یہ اس کیلیے پہلا قدم ہے۔ واضح رہے کہ سلمان نے بھی ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت طلب کی تھی تاہم یہ کمیٹی ان کی درخواست پر غور نہیں کریگی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔