وفاقی حکومت نے نئی سرکاری نوکریوں پر پابندی عائد کردی

وفاقی وزارتوں اور ڈویژنز سمیت ماتحت اداروں کے جاری اخراجات میں 10 فیصد کمی کا فیصلہ


Irshad Ansari December 05, 2018
سرکاری اداروں میں موٹر سائیکل کے سوا باقی ہر قسم کی گاڑیوں کی خریداری پر مکمل پابندی عائد . فوٹو: فائل

وفاقی حکومت نے تمام وزارتوں و ڈویژنز کے بجٹ میں 10 فیصد کمی اور نئی آسامیاں پیدا کرنے پر مکمل پابندی عائد کردی ہے۔

وفاقی حکومت نے مالی کفایت شعاری پالیسی کے تحت رواں مالی سال 19-2018 کے دوران تمام وزارتوں اور ڈویژنوں سمیت ماتحت اداروں کے جاری اخراجات میں 10 فیصد کمی کا فیصلہ کیا ہے جب کہ وزارتوں و ڈویژنز میں نئی آسامیاں پیدا کرنے پر بھی مکمل پابندی عائد کردی ہے، صرف ترقیاتی منصوبوں کے لئے ضرورت کے مطابق مجاز اتھارٹی کی منظوری سے نئی آسامیاں پیدا کی جاسکیں گی۔

حکومت نے رواں مالی سال 19-2018 کے دوران تمام وزارتوں اور ڈویژنز سمیت ماتحت اداروں پر ترقیاتی و غیر ترقیاتی اخراجات کے تحت موٹر سائیکل کے سوا باقی ہر قسم کی گاڑیوں کی خریداری پر مکمل پابندی عائد کردی ہے البتہ وزارت خزانہ سے این او سی حاصل کرکے صرف امن و امان قائم رکھنے والے اداروں کے لئے آپریشنل گاڑیاں خریدی جاسکیں گی۔

ترقیاتی منصوبوں کیلئے ناگزیر نئی آسامیاں پیدا کرنے اور امن و امان قائم رکھنے والے اداروں کے لئے آپریشنل گاڑیوں کی خریداری کے معاملے کا جائزہ لینے کے لئے ایڈیشنل سیکرٹری خزانہ (اخراجات) کی سربراہی میں چار رُکنی کمیٹی قائم کردی گئی ہے، اس کے ممبران میں سینئر جوائنٹ سیکرٹری و جوائنٹ سیکرٹری (اخراجات) کے علاوہ متعلقہ وزارت سے تعلق رکھنے والا کم ازکم گریڈ 20 کے برابر ایک افسر اور متعلقہ فنانشل ایڈوائز شامل ہوں گے۔

جس وزارت و ڈویژن کو ترقیاتی منصوبوں کیلئے نئی آسامیاں پیدا کرنے کی ضرورت ہوگی تو وہ اس کمیٹی کو اپنی درخواست بھجوائے گی اور یہ کمیٹی جائزہ لے کر اس بارے میں فیصلہ کرے گی۔ اسی طرح قانون نافذ کرنے والے اداروں کو درکار آپریشنل وہیکلز کی خریداری کے لئے بھی اس کمیٹی سے منظوری لینا ہوگی اور این او سی ملنے کے بعد آپریشنل گاڑیاں خریدی جاسکیں گی۔

خزانہ ڈویژن کی جانب سے باقاعدہ طور پر آفس میمورنڈم جاری کردیا گیا جس میں بتایا گیا ہے کہ تمام وزارتوں، ڈویژنز اور ماتحت اداروں میں مجاز افسران کو صرف ایک اخبار یا میگزین حاصل کرنے کی اجازت ہوگی اور کوئی مجاز افسر ایک سے زیادہ اخبار یا میگزین نہیں لگوا سکے گا، اسی طرح غیر ملکی دوروں کو بھی محدود کردیا گیا اور آئندہ غیر ملکی دوروں کے لئے وفود میں صرف انتہائی متعلقہ ممبران کو شامل کیا جائے گا۔

آفس میمورنڈم میں مزید کہا گیا ہے کہ مالی کفایت شعاری کے پیشہ نظر حکومت نے رواں مالی سال 19-2018 کے لئے اخراجات جاریہ میں 10 فیصد بچت کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لئے تمام وزارتوں، ڈویژنز اور ماتحت اداروں کے پرنسپل اکاونٹنگ افسران (پی اے اوز) سے کہا گیا ہے کہ رواں مالی سال 19-2018 کے وفاقی بجٹ میں جاری اخراجات اور درستگی و مرمت کے علاوہ اخراجات جاریہ کی مد میں مختص کردہ بجٹ میں دس فیصد بچت کی ورکنگ پندرہ دسمبر تک مکمل کی جائے اور یہ رقم واپس قومی خزانے کے حوالے کی جائے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے