اوپن لیٹر نہیں چلے گا؛ ’’شہری گاڑیاں اپنے نام پر رجسٹرڈ کرالیں‘‘

اسٹاف رپورٹر  جمعرات 6 دسمبر 2018
آئی جی نے اوپن لیٹر پر چلنے والی گاڑیوں کے خلاف آپریشن کا حکم دے دیا۔ فوٹو : فائل

آئی جی نے اوپن لیٹر پر چلنے والی گاڑیوں کے خلاف آپریشن کا حکم دے دیا۔ فوٹو : فائل

 کراچی:  آئی جی سندھ نے اوپن لیٹر پر چلنے والی گاڑیوں کے خلاف آپریشن کا حکم دے دیا۔

آئی جی سندھ سید کلیم امام نے ڈی آئی جی ٹریفک جاوید علی مہر کو خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اوپن لیٹر پر چلنے والی گاڑیوں کے خلاف بھرپور آپریشن کا آغاز کیا جائے ، لیٹر میں کہا گیا ہے کہ اوپن لیٹر پر چلنے والی گاڑیاں اکثر و بیشتر جرائم پیشہ افراد استعمال کرلیتے ہیں

خط میں کہا گیا ہے کہ گاڑی کے دونوں جانب نمبر پلیٹ نہ لگانے والوں کے خلاف ، اپلائیڈ فار رجسٹریشن ، اصل نمبر پلیٹ نہ لگانے والوں اور ایسی نجی گاڑیاں جوکہ سرکاری نمبر پلیٹ لگا کر استعمال کی جائیں ان کے خلاف بھرپور کارروائی کی جائے۔

واضح رہےکہ ڈیفنس میں کھڈا مارکیٹ کے قریب چند روز قبل کار میں دھماکا کیا گیا جس کی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ مذکورہ گاڑی کئی بار فروخت اور چوری ہوچکی تھی، اسے کسی نے اب تک اپنے نام پر رجسٹرڈ نہیں کرایا اور گاڑی کئی برسوں سے اوپن لیٹر پر چل رہی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔