کراچی میں فائرنگ، تشدد، سیاسی کارکنوں سمیت مزید11افراد ہلاک

اسٹاف رپورٹر  منگل 2 جولائ 2013
  بلدیہ،مومن آباد، ایم اے جناح روڈ، شاہ لطیف ٹاؤن میں ڈکیتی پر مزاحمت میں 4افراد زخمی، ماری پور روڈ سے لاش ملی فوٹو: فائل

بلدیہ،مومن آباد، ایم اے جناح روڈ، شاہ لطیف ٹاؤن میں ڈکیتی پر مزاحمت میں 4افراد زخمی، ماری پور روڈ سے لاش ملی فوٹو: فائل

کراچی:  شہر میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں سیاسی کارکنوں سمیت11افراد ہلاک ہو گئے اور خاتون سمیت10افراد زخمی ہو گئے ۔

نیوکراچی صنعتی ایریا تھانے کی حدود سیکٹر5-F میں معراج الہدیٰ پارک کے قریب فائرنگ سے موٹر سائیکل سوار 25 سالہ جنید سلطان قادری ہلاک ہوگیا، پولیس کے مطابق مقتولکو گھر کے قریب موٹر سائیکل پرسوار3 مسلح ملزمان نے فائرنگ کر کے قتل کردیا اور فرار ہوگئے۔ نیو کراچی صنعتی ایریا سیکٹر11-Fمیں الاقصیٰ مسجد کے قریب فائرنگ سے32سالہ محمد اسلم عرف دنبہ ہلاک ہوگیا، مقتول محمد اسلم گودھرا کا رہائشی ہے اور چند روز قبل ہی جیل سے رہا ہوا تھا۔

بلدیہ ٹائون ترک محلہ آٹا مل کے قریب نامعلوم مسلح ملزمان کی فائرنگ سے35 سالہ فاروق قادری ہلاک ہو گیا، ایس پی بلدیہ ٹائون شاہ جہان خان نے ایکسپریس کو بتایاکہ مقتول بلدیہ نمبر2 کا رہائشی ہے، ترجمان سنی تحریک نے ایکسپریس کو بتایا کہ نیوکراچی صنعتی ایریا اور بلدیہ ٹائون میں فائرنگ کرکے قتل کیے جانے والے تینوں افراد سنی تحریک کے سرگرم علاقائی کارکنان تھے، الفلاح کے علاقے جامعہ ملیہ روڈ پر نامعلوم مسلح ملزمان کی فائرنگ سے 50 سالہ اسلم سعید ہلاک ہوگیا ، سکھن کے علاقے لیبر اسکوائر میں2 موٹر سائیکلوں پر سوار4 ملزمان نے کار پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 32 سالہ شاہد ہلاک جبکہ اس کا بھائی22 سالہ مجاہد عرف راجا شدید زخمی ہوگیا ، اہلسنت و الجماعت کے ترجمان مولانا اکبر سعید فاروقی کے مطابق دونوں بھائی اہلسنت والجماعت کے ہمدرد تھے۔

بغدادی کے علاقے احمد شاہ بخاری روڈ پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے اپنی دکان پر بیٹھا 60 سالہ قمر زمان سر میں گولی لگنے سے شدید زخمی ہوگیا جو اسپتال میں دوران علاج چل بسا ، لیاری احمد شاہ بخاری روڈ پر جونا مسجد کے قریب سر پر گولی لگنے سے 25 سالہ زبیر ہلاک ہو گیا ۔ مقتول رکشا ڈرائیور تھا، ماری پور روڈ دعا ہوٹل کے قریب نامعلوم شخص کی تشدد زدہ لاش ملی، شارع نور جہاں تھانے کی حدود میں اورنگی ٹائون قصبہ کالونی ڈسلوا کے قریب پہاڑی سے عمران عرف کوا کی لاش ملی جسے سر پر گولی مار کے قتل گیا گیا، پولیس کو شبہ ہے کہ مقتول کا تعلق کسی ڈکیت گروہ سے تھا ۔

سہراب گوٹھ تھانے کی حدود میں انڈس پلازہ کے عقب میں واقع قبرستان سے20 سالہ محمد جاوید خان کی لاش ملی جسے سر پر گولی مار کر قتل کیا گیا ۔ بلدیہ ٹائون کے علاقے سعید آباد میں جنگل اسکول کے قریب ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 16 سالہ زاہد ولد محمد سرور زخمی ہوگیا مومن آباد میں بھی ڈاکوئوں نے ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر 20 سالہ احمد حسین شاہ کو زخمی کردیا۔ ایم اے جناح روڈ پر پلازہ کے قریب ڈکیتی مزاحمت کے دوران فائرنگ سے24 سالہ عامر زخمی ہوگیا ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔