قبل از وقت انتخابات کے لیے ہر وقت تیار ہیں، نواز شریف

ویب ڈیسک  جمعرات 6 دسمبر 2018
عمران خان کی بات کیا کروں جوکچھ وہ کررہے ہیں دنیا دیکھ رہی ہے، نوازشریف: فوٹو: فائل

عمران خان کی بات کیا کروں جوکچھ وہ کررہے ہیں دنیا دیکھ رہی ہے، نوازشریف: فوٹو: فائل

 اسلام آباد: سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ  مسلم لیگ (ن) قبل از وقت انتخابات کے لیے ہر وقت تیار ہے۔

اسلام آباد میں احتساب عدالت میں پیشی کے دوران صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کے دوران نواز شریف نے کہا کہ  ہم نے بجلی کے چار منصوبوں میں  160 ارب روپے بچائے کسی نے شاباش نہیں دی، عمران خان کی بات کیا کروں جو کچھ  وہ کررہے ہیں دنیا دیکھ رہی ہے۔ عمران خان نے قبل ازوقت انتخابات کی بات کی اس کو سن کرعوام کو خوشی ہوئی ہوگی، عوام سوچ رہے ہوں گے کہ اچھا ہے ان سے جتنی جلدی جان چھوٹ جائے۔

صحافی نے نوازشریف سے سوال کیا کہ اگر اب مڈٹرم الیکشن ہوتے ہیں تو کیا آپ تیارہیں جس پرنواز شریف نے کہا کہ کیا آپ کو ہماری تیاری پچھلے الیکشن میں نظرنہیں آئی۔ ہم سنجیدہ سیاست کے قائل ہیں اور مسلم لیگ (ن) قبل از وقت انتخابات کے لیے ہر وقت تیار ہے  ۔

نوازشریف نے کہا کہ فافن کے مطابق 53 حلقوں میں مستردووٹوں کی تعداد لیڈ سے زیادہ ہے، فافن کے مطابق 95 فیصد فارم 45 پرپولنگ ایجنٹوں کے دستخط نہیں تھے اور پاکستان کی تاریخ میں کبھی ایسا دیکھنے میں نہیں آیا۔ نوازشریف نے آصف علی زرداری کے کرپشن کیسز پر بات کرنے سے گریز  کرتے ہوئے کہا کہ یہ تو اپنے اوپر عدم اعتماد کرنے والی بات ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔