دورۂ جنوبی افریقہ؛ انضمام الحق انجرڈ کرکٹرز کی دستیابی کیلیے پُرامید

ایکسپریس نیوز  جمعـء 7 دسمبر 2018

 لاہور: چیف سلیکٹر انضمام الحق دورئہ جنوبی افریقہ سے قبل انجرڈ کرکٹرز کی دستیابی کیلیے پُرامید ہیں

لاہور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کہا کہ حفیظ نے ٹیسٹ اور اظہرعلی نے ون ڈے سے ریٹائرمنٹ کا خود فیصلہ کیا، ہماری طرف سے کوئی دباؤ نہیں تھا، دونوں سینئرز دوسروں کیلیے مثال بنے، انھوں نے کہا کہ سرفراز احمد کی پرفارمنس بھی زبردست جا رہی ہے، ہوم سیریز میں ایک وکٹ کیپر کافی ہوتا ہے البتہ طویل دورئہ جنوبی افریقہ میں سرفراز کیساتھ محمد رضوان کو موقع دیں گے۔

ٹیموں کے انتخاب پر ہونیوالی تنقید کے سوال پر انھوں نے واضح کیا کہ سلیکشن کمیٹی کسی صوبے کی نہیں پورے پاکستان کیلیے ہے، ہم یہ نہیں دیکھتے کہ کون کہاں کا ہے، جو اچھا ہو اسی کو منتخب کرتے ہیں۔ اے ٹیم کی جانب سے عابد علی، عثمان صلاح الدین ، شان مسعود ، سعد علی اور رضوان زبردست پرفارم کررہے ہیں، ان میں سے بعض کو سینئر ٹیم میں شامل کرسکتے ہیں۔

علاوہ ازیں سلمان بٹ کے سوال پر انضمام نے کہا کہ جہاں ضرورت ہوگی اوپنر کو ضرور آزمائیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔