ہانگ کانگ کے ابھرتے ستاروں کی چمک ماند، پاکستان کامیاب

زبیر نذیر خان / اسپورٹس رپورٹر  جمعـء 7 دسمبر 2018
بنگلہ دیش کو97رنزسے ہراکریو اے ای کااپ سیٹ،سخت سیکیورٹی انتظامات۔ فوٹو: فائل

بنگلہ دیش کو97رنزسے ہراکریو اے ای کااپ سیٹ،سخت سیکیورٹی انتظامات۔ فوٹو: فائل

 کراچی:  ایمرجنگ ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں پاکستان نے ہانگ کانگ کے ابھرتے ستاروں کی چمک ماند کردی۔

ایمرجنگ ایشیا کپ گروپ بی کے مقابلوں کا سخت سیکیورٹی میں آغاز ہوگیا، سیکڑوں  اہلکار موجود لیکن تماشائی غائب رہے، کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم پر پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 3 وکٹ پر 366رنز بنائے، صاحبزادہ  فرحان نے 130رنز جوڑے، جس میں 15 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے، علی عمران نے11 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 107 رنز اسکور کیے،خوشدل شاہ کے 40 گیندوں پر جارحانہ 83رنز میں 9 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔

کپتان محمد رضوان33رنز پر ناٹ آؤٹ رہے، اعزاز خان نے 2 وکٹیں لیں، جواب میں ہانگ کانگ کی ٹیم34اوورز میں 141رنز پرڈھیر ہوگئی، شاہد واصف 59 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ پشاور سے تعلق رکھنے والے رائٹ میڈیم پیسر 19 سالہ محمد الیاس نے اپنے پہلے انٹرنیشنل میچ میں35رنز دے کر5کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، انھوں نے ایونٹ کی پہلی ہیٹ ٹرک بھی اپنے نام کی، خوشدل نے 2وکٹیں لیں۔

دوسری جانب ساؤتھ اینڈ  کلب گراؤنڈ پر یو اے ای نے  بنگلہ دیش کو 97 رنز سے شکست  دی، فاتح سائیڈ 267 رنز پر آؤٹ ہوئی، اشفاق احمد نے 98 رنزاسکور کیے،  شریف السلام نے  4 اورخالد احمد نے 3 وکٹیں لیں، جواب میں بنگلہ دیشی ٹیم 170 رنز پر ہمت ہار گئی، احمد رضا اورعمران حیدر نے 4، 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

واضح رہے کہ آج نیشنل اسٹیڈیم میں پاکستان کا یو اے ای سے مقابلہ ہوگا، ساؤتھ اینڈ کلب پربنگلہ دیشی ٹیم ہانگ کانگ سے ٹکرائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔