پاکستان سے سیریز؛ جنوبی افریقی ٹیسٹ اسکواڈ میں زبیر حمزہ کی شمولیت

اسپورٹس ڈیسک  جمعـء 7 دسمبر 2018
پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان پہلا ٹیسٹ 26 دسمبر سے سنچورین میں شروع ہوگا۔ فوٹو : فائل

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان پہلا ٹیسٹ 26 دسمبر سے سنچورین میں شروع ہوگا۔ فوٹو : فائل

 کیپ ٹاﺅن:  جنوبی افریقہ نے پاکستان سے ہوم ٹیسٹ سیریز کیلیے ناتجربہ کار مڈل آرڈر بیٹسمین زبیر حمزہ کو اسکواڈ میں شامل کرلیا ہے۔

کیپ ٹاؤن میں پیدا ہونیوالے حمزہ کی فرسٹ کلاس کرکٹ میں ایوریج 50 کے قریب ہے، مگر رواں سیزن ان کیلیے زیادہ اچھا نہیں رہا جس میں اب تک وہ 9 اننگز میں صرف 2 ففٹیز ہی اسکور کرپائے ہیں۔

اسی طرح پانچ ٹیسٹ میچز کا تجربہ رکھنے والے فاسٹ بولر ڈوئین اولیور کی واپسی ہوئی ہے، وہ انجرڈ لونگی نگیڈی کی جگہ سنبھالیں گے جو ون ڈے اور ٹوئنٹی 20 سیریز بھی نہیں کھیل پائیں گے۔

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان پہلا ٹیسٹ 26 دسمبر سے سنچورین میں شروع ہوگا۔ دوسرا میچ 3 جنوری سے کیپ ٹاؤن اور تیسرا ٹیسٹ 11 جنوری سے جوہانسبرگ میں شیڈول ہے، اس کے بعد 5 ون ڈے اور 3 ٹوئنٹی 20 میچز کی سیریز بھی کھیلی جائے گی۔

جنوبی افریقی ٹیسٹ اسکواڈ کپتان فاف ڈوپلیسی، ہاشم آملا، ٹیمبا باووما، تھیونس ڈی برین، کوئنٹین ڈی کک، ڈین ایلجر، زبیر حمزہ، کیشیو مہاراج، ایڈین مارکرم، ڈوئین اولیور، ورنون فلینڈر، کاگیسا ربادا اور ڈیل اسٹین پر مشتمل ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔