پاکستانی اسپنر فواد احمد کو آسٹریلوی شہریت مل گئی

ویب ڈیسک  منگل 2 جولائی 2013
آسٹریلوی شہریت ملنے کے بعد فواد احمد انگلینڈ کے خلاف 10 جولائی سے شروع ہونے والی ایشز سیریز کھیلنے کے اہل ہوگئے ہیں فوٹو: اے ایف پی

آسٹریلوی شہریت ملنے کے بعد فواد احمد انگلینڈ کے خلاف 10 جولائی سے شروع ہونے والی ایشز سیریز کھیلنے کے اہل ہوگئے ہیں فوٹو: اے ایف پی

سڈنی: پاکستان سے تعلق رکھنے والےاسپنر  فواد احمد کو آسٹریلوی شہریت مل گئی.

صوابی سے تعلق رکھنے والے پاکستانی لیگ اسپنر فواد احمد گزشتہ 3 برس سے آسٹریلیا میں کرکٹ کے مقابلوں میں حصہ لے رہے ہیں ، 31 سالہ فواد نے آسٹریلیا میں سیاسی پناہ کی درخواست دے رکھی تھی  جسے منظور کرلیا گیا ہے اور اب وہ آسٹریلوی شہری کی حیثیت سے کینگروز کی نمائندگی کریں گے،   بین الاقوامی میڈیا سے بات کرتے ہوئے فواد کا کہناتھا کہ آسٹریلوی شہریت ملنے پر وہ بہت خوش ہیں اور سب سے زیادہ خوشی اس بات کی ہے کہ وہ بین الاقوامی کرکٹ کھیل سکیں گے۔

واضح رہے کہ فواد احمد کو دہشت گردوں کی جانب ملنے والی دھمکیوں کے پیش نظر آسٹریلیا جانا پڑا تھا تاہم انہوں نے وہاں بھی کرکٹ کو نہیں چھوڑا، آسٹریلوی اسکواڈ میں شمولیت کے لئے ان کی سیاسی پناہ کی درخواست کی منظوری سب سے بڑی رکاوٹ تھی تاہم اب انہیں آسٹریلوی پاسپورٹ مل گیا ہے اوراس کے ساتھ ہی  10 جولائی سے انگلینڈ میں کھیلی جانے والی ایشز سیریز میں ان کی شرکت یقینی ہوگئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔