برطانیہ نے بھارتیوں کے لیے بڑی سہولت بند کردی

ویب ڈیسک  جمعـء 7 دسمبر 2018
گولڈن ویزہ اسکیم کو منی لانڈرنگ اور دیگر جرائم میں استعمال ہونے کے بعد معطل کیا گیا۔ فوٹو : فائل

گولڈن ویزہ اسکیم کو منی لانڈرنگ اور دیگر جرائم میں استعمال ہونے کے بعد معطل کیا گیا۔ فوٹو : فائل

برطانیہ: برطانیہ نے منی لانڈرنگ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے بھارت، چین اور روس کے لیے گولڈن ویزا اسکیم کو بند کردیا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانوی حکومت نے منی لانڈرنگ، انسانی اسمگلنگ اور دیگر جرائم میں اضافے پر بھارت، روس اور چین کے لیے گولڈن ویزا معطل کر کے اسکیم کو بند کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

برطانیہ نے رواں برس گولڈن ویزا اسکیم کا اجراء مالی طور پر مستحکم افراد اور صنعت کاروں کے لیے متعارف کرایا تھا، جس سے ہزاروں افراد نے برطانیہ میں شہریت حاصل کی اور برطانیہ نے بھی اس اسکیم سے 498 ملین پونڈز کا ریونیو کمایا تھا۔

عوامی پذیرائی اور برطانوی حکومت کو ریکارڈ ریونیو ملنے کے باوجود گولڈن ویزا اسکیم کی بندش فیصلہ ویزے کے حامل افراد کے منی لانڈرنگ اور دیگر جرائم میں ملوث پائے جانے کے بعد کیا گیا۔

برطانوی حکومت منی لانڈرنگ میں صفر ٹالرینس کی پالیسی اپنائے ہوئے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ گولڈن ویزہ پالیسی کے غلط استعمال کے شواہد ملتے ہی اس اسکیم کو بند کردیا گیا ہے۔

واضح رہے گولڈن ویزا اسکیم کے تحت برطانیہ میں رہائش، شہریت اور کاروبار کرنا نہایت آسان ہو گیا تھا۔ یہ اسکیم کاروباری افراد اور دولت مند افراد کے لیے مخصوص تھی جس کے ذریعے عام ویزہ اسکیم کے برعکس نہایت آسانی سے شہریت کا حصول اور کاروباری سہولیات میسر تھیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔