محمد حفیظ ٹیسٹ کیریئر کا آخری میچ یادگار نہ بناسکے

عباس رضا  جمعـء 7 دسمبر 2018
محمد حفیظ کیریئر کی آخری اننگز میں صرف 8 رنز تک ہی محدود رہے۔ فوٹو: پی سی بی

محمد حفیظ کیریئر کی آخری اننگز میں صرف 8 رنز تک ہی محدود رہے۔ فوٹو: پی سی بی

نیوزی لینڈ کے خلاف پہلی اننگز میں کھاتہ نہ کھول پانے والے محمد حفیظ دوسری اننگز میں بھی 8 رنز تک ہی محدود رہے۔

متحدہ عرب امارات آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ میں سنچری کے بعد محمد حفیظ آسٹریلیا کے خلاف دیگر میچ میں خاطرخواہ کارکردگی نہ دکھاسکے اور پھر نیوزی لینڈ کے خلاف 3 ٹیسٹ میچز میں بھی ایک بھی یادگار اننگز نہ کھیل پائے اور مجموعی طور پر پہلی سنچری کے بعد تمام اننگز میں صرف 66 رنز بنائے۔

ٹیسٹ کرکٹر نے کیویز کیخلاف آخری ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں کوئی رن نہیں بناپائے اور نوشتہ دیوار پڑھتے ہوئے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا، میچ کے پانچویں اور آخری روز ساتھی کرکٹرز نے انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا، پاکستان ٹیم نے 280 کے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو امید تھی کہ محمد حفیظ اپنے کیریئر کی آخری اننگز یادگار بنائیں گے لیکن وہ صرف 8 رنز ہی بناپائے تھے کہ کیوی پیسر ٹم ساﺅتھی کی ایک شاندار گیند نے بیلز فضا میں بکھیر دیں۔

محمد حفیظ نے 55 ٹیسٹ میچز میں 3652 رنز کیساتھ کیریئر کا اختتام کیا، ان میں 10سنچریز اور 12 ففٹیز بھی شامل ہیں، انہوں نے سب سے بڑی اننگز 224کی کھیلی،انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں 53 وکٹیں بھی حاصل کیں، بہترین بولنگ 16رنز کے عوض 4وکٹیں رہی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔