پی آئی اے میں کروڑوں کے گھپلوں کا انکشاف

طالب فریدی  جمعـء 7 دسمبر 2018
ملازمین غیر قانونی طور پر ٹکٹیں آدھی قیمت پر فروخت کرتے رہے، ذرائع

ملازمین غیر قانونی طور پر ٹکٹیں آدھی قیمت پر فروخت کرتے رہے، ذرائع

لاہور: پی آئی اے مارکیٹنگ ڈیپارٹمنٹ کے ملازمین غیرقانونی طور پر ٹکٹیں فروخت کرتے پکڑے گئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پی آئی اے میں کروڑوں کے گھپلوں کا انکشاف ہوا ہے، پی آئی اے مارکیٹنگ ڈیپارٹمنٹ کے ملازمین غیرقانونی طور پر ٹکٹیں فروخت کرنے میں ملوث پائے گئے ہیں، ملازمین اختیارات کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے ٹکٹوں کو آدھی قیمت پر فروخت کرتے رہے، بوگس ٹکٹوں کی فروخت سے پی آئی اے کو کروڑوں روپے کا نقصان ہوا۔

ذرائع کے مطابق بوگس اتھارٹی پر ٹکٹیں فروخت کرنے کا کاروبار عرصہ دراز سے جاری تھا اس حوالے سے تحقیقات کیلئے انکوائری ٹیم بنا دی گئی ہے اور ایم آئی ایس لاہور نے کارروائی کرتے ہوئے 4 ٹکٹنگ سپروائزرز کو معطل کردیا۔ معطل ہونے والے ملازمین میں وقاص الیاس، فرحان اصغر، علیم اشرف اور عدنان نذیر شامل ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمان لاہور سے ٹورنٹو، لاہور سے جدہ، لاہور سے دبئی اور لاہور سے لندن بوگس اتھارٹی پر ٹکٹیں جاری کرتے تھے۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق لاہور فراڈ میں ملوث ملازمین کے خلاف انکوائری شروع کر دی ہے،  انتظامیہ کے علم میں آتے ہی فوری کاروائی عمل میں لائی گئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔