کراچی کو پٹے پر دینے کی تیاری کی جارہی ہے، فاروق ستار

ویب ڈیسک  جمعـء 7 دسمبر 2018
یہ بدنیتی ہے آپریشن کرنے والوں کی ،فاروق ستار، فوٹو: فائل

یہ بدنیتی ہے آپریشن کرنے والوں کی ،فاروق ستار، فوٹو: فائل

 کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فاروق ستار نے کہا ہے کہ کراچی کو پٹے پر دینے اور نیا نو آبادیاتی نظام وضع کرنے کی تیاری ہورہی ہے۔

کراچی پریس کلب میں ایم کیوایم پاکستان بحالی کمیٹی کی جانب سے منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ سپریم کورٹ نے صرف ناجائز قابضین اور تجاوزات کو ہٹانے کا حکم دیا ہے تاہم وسیم اختر اور کے ایم سی کے افسران ،مراد علی شاہ اور  سعید غنی ظلم ڈھا رہے ہیں۔

فاروق ستار نے کہا کہ جہاں انکروچمنٹ صاف کی جارہی ہیں اس سے سب خوش ہیں، فٹ پاتھ خالی ہونے چاہیے  اورسڑکیں ٹریفک کے لئے خالی ہونی چاہیےاس مقصد کے لیے  ہم ساتھ ہیں لیکن آپریشن کرنے والے بدنیتی سے کام کررہے ہیں اور سپریم کورٹ کے حکم کی نفی اور توہین کی جارہی ہے، جب کوئی بڑے منصوبے بنتے ہیں تو انکروچرز کو بسایا جاتا ہے،جیسے تربیلہ اور منگلہ ڈیم کے متاثرین کو باعزت منتقل کیا گیا جو اب یو کے میں بستے ہیں لیکن کراچی میں راتوں رات شب خون مارا گیا ،روزگار چھینا گیا  اور گھروں کے چولے بند کردیے یہ سراسر ظلم ہے جسے بند ہونا چاہیے،ہم نے تہیہ کیاہے کہ اب یہ توڑ پھوڑ برداشت نہیں کریں گے ۔

فاروق ستار کا مزید کہنا تھا کہ کراچی کو پٹے پر دینے اور نیا نو آبادیاتی نظام وضع کرنے کی تیاری ہورہی ہے ہماری معیشت کو اگر پٹے پر دیا جائیگا تو ہمیں منظور نہیں ہے ہم سب کی محنت پر پانی پھر جائیگا، آنکھ بند کرکے آپریشن نہ کریں اس سے بدامنی اور جرائم میں اضافہ ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔